بزرگ سعودی خاتون نے اُونچی چوٹی سر کر کے سب کو حیران کر دیا

پیشے کے لحاظ سے انجینئر نادیہ جوجری پہلی سعودی خاتون ہیں جنہوں نے جبل شفا کی چوٹی سر کی ہے

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 24 فروری 2020 13:11

بزرگ سعودی خاتون نے اُونچی چوٹی سر کر کے سب کو حیران کر دیا
ریاض (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 24 فروری 2020ء) سعودی خواتین بے شمار صلاحیتوں اور قابلیتوں سے مالا مال ہیں۔ تاہم ماضی میں ان کے لیے ترقی اور اپنا آپ منوانے کے راہ بند تھے۔ موجودہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے سعودی ویژن 2030ء کے تحت مملکت کو ترقی دینے کی خاطر سعودی خواتین کی سماجی اور معاشی شعبوں میں شمولیت پر خاص زور دیا ہے۔ اس مقصد کے لیے سعودی خواتین کو سرکاری اور نجی شعبے میں سرکاری ملازمتوں میں حصہ دیا گیا۔

جس کی وجہ سے سعودی خواتین کا اعتماد بحال ہوا ہے اور ان کی بے پناہ صلاحیتیں نکھر کر سامنے آئی ہیں۔ ایک سعودی بزرگ خاتون نے ایسا کارنامہ انجام دیا ہے جس نے نوجوانوں کو بھی حیرت میں ڈال دیا ہے۔ المرصد ویب سائٹ کے مطابق ایک بزرگ سعودی خاتون نے طائف کے علاقے میں موجود مشہور چوٹی جبل شفاء سر کر لی ہے۔

(جاری ہے)

نادیہ جوجری تاریخ کی پہلی سعودی خاتون ہیں جنہوں نے یہ بلند و بالا چوٹی سر کی ہے۔

تفصیلات کے مطابق نادیہ جوجری پیشے کے اعتبار سے انجینئر ہیں۔ تاہم انہوں نے پہاڑوں کی چوٹیاں سر کرنے کا بھی شوق ہے جو اس سے پہلے کبھی پورا نہیں ہوا تھا۔ بالآخر انہوں نے اپنی عمر کی پرواہ کیے بغیر اس اُونچی چوٹی کو سر کر لیا۔ اس مہم میں ان کے ساتھ دیگر نوجوان بھی شریک تھے۔ بنیادی طور پر یہ اس مہم کا مقصد جبل شفاء کی صفائی تھی۔ اس مقصد کے لیے اس پہاڑ کی چوٹی پر چڑھنے کے لیے 28 راستے مقرر کئے گئے۔

سب لوگوں نے مل کر پہاڑ اور اس کی چوٹی کی صفائی بھی کی اور ساتھ ہی ساتھ اسے سر بھی کر لیا۔اس مہم میں شریک تمام لوگ رضاکارانہ طور پر شریک ہوئے۔ اس مہم کا اہتمام ہائیکنگ اور پہاڑوں کی چوٹی سر کرنے والے افراد پر مشتمل ایک سعودی آرگنائزیشن کی جانب سے کیا گیا تھا۔ نادیہ جوجری کی جانب سے جبل شفاء کو سر کرنے کی خبر اور ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو چکی ہے۔ لوگ نادیہ جوجری کے حوصلے اور لگن کو خراج تحسین پیش کر رہے ہیں۔ اور ان کے اس کارنامے کو سعودی خواتین کے لیے ایک مشعل راہ قرار دے رہے ہیں۔ 

طائف میں شائع ہونے والی مزید خبریں