ویزہ خلاف ورزی میں ملوث پاکستانی کا 45 لاکھ سے زائد جرمانہ منسوخ

پاکستانی شہری کو اپنے، اپنی بیوی اور چار بچوں کے ریزیڈنسی ویزہ کی تجدید میں ناکامی اور زائد قیام پر جرمانہ کیا گیا تھا

Sajid Ali ساجد علی پیر 2 جون 2025 11:27

ویزہ خلاف ورزی میں ملوث پاکستانی کا 45 لاکھ سے زائد جرمانہ منسوخ
ابوظہبی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 02 جون 2025ء ) متحدہ عرب امارات کے جج نے ویزہ کی خلاف ورزی کرنے والے پاکستان خاندان کا 60 ہزار درہم کا جرمانہ منسوخ کردیا، جج کیلئے یو اے ای کے صدر شیخ محمد بن زید آل نہیان کی طرف سے اعزازی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ خلیجی میڈیا کے مطابق حال ہی میں متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زید آل نہیان نے ایک اعزازی تقریب کے دوران جج کے حسن سلوک کی تعریف کی کیوں کہ ام القوین فیڈرل کورٹ آف فرسٹ انسٹینس کے جج حامد ال علی نے ایک پاکستانی شخص پر عائد 60 ہزار درہم ( 45 لاکھ 86 ہزار پاکستانی روپے سے زائد ) کا جرمانہ منسوخ کردیا جو اپنے، اپنی اہلیہ اور اپنے 4 بچوں کے 5 سالہ رہائشی ویزوں کی تجدید نہیں کروا سکا تھا۔

امارات الیوم نے رپورٹ کیا ہے کہ اس کیس میں ایک باپ شامل تھا جو ذاتی حالات کی وجہ سے غیر دانستہ طور پر اپنے ویزہ کی مدت سے زیادہ قیام کرچکا تھا، اس نے عدالت میں وضاحت کی کہ ’وہ اپنے اماراتی سپانسر کی دیکھ بھال کر رہا تھا جس میں کینسر کی تشخیص ہوئی تھی اور اس دوران اس کو اپنی قانونی حیثیت کا پتہ ہی نہیں چل سکا‘ اور کیس نے اس وقت ایک قابل ذکر موڑ لیا جب اس کی سماعت زید ہیومینٹیرین ورک ڈے کے موقع پر ہوئی، یہ دن ایک ایسا قومی موقع ہے جس روز یو اے ای کے بانی کی رحم دلی کو یاد کرتے ہوئے انہیں خراج تحسین پیش کیا جاتا ہے۔

(جاری ہے)

سماعت کا احوال شیئر کرتے ہوئے جج ال علی نے بتایا کہ اس نے کنڈورا میں ملبوس اس شخص کے نوجوان بیٹے کو دیکھا جو اس کے پاس کھڑا تھا اور اس کا نام پوچھا، لڑکے نے نرمی سے جواب دیا ’زید‘، یہ سنتے ہی جج نے اپنے کندھوں سے متحدہ عرب امارات کے پرچم کا اسکارف ہٹا کر بچے کے اوپر لپیٹ دیا اور جرمانے کو باضابطہ طور پر منسوخ کرنے سے پہلے ریمارکس دیئے کہ ’زید کو جرمانہ نہیں کیا گیا بلکہ زید کو عزت دی گئی ہے‘۔

ابو ظہبی میں شائع ہونے والی مزید خبریں