عجمان:گراں فروشی اور ڈسکاؤنٹس کی جعلی آفرز پر 5دُکانیں سِیل کر دی گئیں

52 دُکانوں اور سُپر مارکیٹس کو جرمانے بھی عائد کیے گئے ہیں

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 9 اکتوبر 2018 12:51

عجمان:گراں فروشی اور ڈسکاؤنٹس کی جعلی آفرز پر 5دُکانیں سِیل کر دی گئیں
عجمان(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔9اکتوبر2018ء) عجمان ڈیپارٹمنٹ آف اکنامک ڈویلپمنٹ نے حیرت انگیز ڈسکاؤنٹس کی جعلی تشہیر کرنے والی پانچ دُکانوں کو سربمہر کر دیا ہے جبکہ 52 کے قریب سٹورز اور سُپر مارکیٹس کو جرمانے عائد کیے گئے ہیں۔ ڈیپارٹمنٹ کے ترجمان کے مطابق یہ کارروائیاں گزشتہ چھہ ماہ کے دوران تجارتی دھوکا دہی کے انسداد کے لیے شروع کی گئی مہم کے تحت کی گئیں۔

اس مہم کے دوران 62 سٹورز کو تحریری وارننگ دی گئیں کہ وہ خود کو راہِ راست پر لے آئیں ورنہ مستقبل میں اُن کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ عجمان میں بہت سے سٹورز ایسے تھے جو 80 فیصد تک ڈسکاؤنٹس کی تشہیر کر کے عوام کو بے وقوف بنانے میں لگے ہوئے تھے۔ درحقیقت ان اشیاء کی اصل قیمت انتہائی کم تھی مگر یہ اسے مہنگی ظاہر کر کے اُس پر 50فیصد، 60 فیصد اور 80 فیصد تک رعایت دے کر عوام کو لُوٹنے میں مصروف تھے۔

(جاری ہے)

اس کریک ڈاؤن کے دوران ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے ایسے سٹورز پر بھی جرمانے عائد کیے گئے ہیں جو اشیاء کو حکومت کی جانب سے مخصوص کردہ نرخوں سے زائد پر فروخت کر رہے تھے۔ حالانکہ حکومت کی جانب سے تقریباً 480 سٹورز پر قریب قریب 3500 اشیاء کی قیمتیں مخصوص کر دی گئی ہیں۔ زائد قیمت پر اشیاء بیچنے پر ایک سٹور کو سِیل کر دیا گیا، 46 کو جرمانے عائد کیے گئے اور 83 کو تنبیہ کی گئی ہے۔

ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے عوام کو تاکید کی جاتی ہے کہ وہ صارفین کو بھاری ڈسکاؤنٹس کا دھوکا دے کر لُوٹنے والے دُکاندارں کی شکایت کریں۔ جب بھی کسی صارف کی جانب سے گراں فروشی یا جعلی ڈسکاؤنٹ کے حوالے سے کوئی شکایت موصول ہوتی ہے تو انسپکٹرز فوری طور پر متعلقہ سٹورز جا کر چھان بین کرتے ہیں اور اگر کسی خلاف ورزی کا پتا چلے تو موقع پر ہی جرمانہ عائد کر دیا جاتا ہے۔ اس کے علاوہ انسپکٹرز حضرات مختلف کاروباری مقامات پر اچانک چھاپے بھی مارتے ہیں۔ کسی بھی سٹور یا سُپر مارکیٹ کی انتظامیہ ڈیپارٹمنٹ کی پیشگی منظوری اور لائسنس کے بغیر ڈسکاؤنٹ آفر کا کوئی پوسٹ، اشتہار یا بینر اپنے کاروباری مرکز کے اندر یا باہر نصب نہیں کر سکتی۔

متعلقہ عنوان :

عجمان میں شائع ہونے والی مزید خبریں