اماراتی مالک کی فیملی کی تصویریں وائرل کرنے والی ملازمہ جیل پہنچ گئی

عدالت کی جانب سے ملازمہ کو اس غلط حرکت پر چھ ماہ کی سزا سُنا دی گئی

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 15 فروری 2019 16:40

اماراتی مالک کی فیملی کی تصویریں وائرل کرنے والی ملازمہ جیل پہنچ گئی
عجمان(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔15فروری 2019ء ) عجمان میں مقیم ایک گھریلو ملازمہ کو اپنے اماراتی مالک کی والدہ اور بچوں کی تصویریں سوشل میڈیا پر پوسٹ کرنے کے الزام میں پولیس نے گرفتار کر لیا۔عدالت نے ملازمہ کو چھ ماہ قید اور ڈی پورٹ کیے جانے کی سزا سُنا دی۔ مقدمے کی سماعت کے دوران استغاثہ نے بتایا کہ ایک اماراتی فیملی نے غیر مُلکی ملازمہ کو گھریلو ضرورت کی خاطر نوکری دی تھی۔

کچھ عرصہ تک تو ملازمہ ٹھیک کام کرتی رہی پھر اس کے لچھن بدل گئے۔ اُسے اپنے مالک کی فیملی میں سو سو نقص نظر آنے لگے۔ ایک روز تو اس ملازمہ نے حد ہی کر ڈالی۔ اس نے اپنے موبائل سے اماراتی مالک کی والدہ اور بچوں کی تصویریں لیں اور پھر اُنہیں اپنے فیس بُک اکاؤنٹ کے ذریعے پوسٹ کر دیا۔ یہی نہیں ہر تصویر کے نیچے اُس نے اماراتی فیملی کے بارے میں تضحیک آمیز اور منفی ریمارکس بھی دیئے تھے۔

(جاری ہے)

ایک روز مالک نے اتفاقاً اُس کا فیس بُک پیچ چیک کیا تو اپنے اور فیملی کی تصویریں دیکھ کر حیران رہ گیا اور ان کے بارے میں طنزیہ کمنٹس نے تو اُس کا پارہ بھی ہائی کر دیا۔ اُس نے ملازمہ کا فیس بُک پیج مزید کھنگالا تو یہ دیکھ کر اُسے اور بھی جھٹکا لگا کہ ملازمہ نے اُس کی بیوی کا لباس پہن کر بھی اپنی تصویریں لے کر فیس بُک پر شیئر کی تھیں۔

اماراتی شخص نے پولیس کو فوری طور پر رپورٹ کی۔ استغاثہ کی جانب سے ملازمہ پر اماراتی فیملی کی تصویریں بلا اجازت سوشل میڈیا پر پوسٹ کرنے اور گھر کی مالکن کے کپڑے پیشگی اجازت کے بغیر پہننے کے الزام عائد کیے گئے۔ ملازمہ نے اپنی صفائی میں کہا کہ اُس نے خاتون کے کپڑے چُرائے نہیں تھے، بلکہ جن دِنوں وہ ایک سیر و تفریح کی خاطر مملکت سے باہر تھی، اُس نے یہ کپڑے تھوڑی دیر کے لیے لیے تھے اور واپس اُسی جگہ پر رکھ دیئے تھے۔

عجمان میں شائع ہونے والی مزید خبریں