عجمان: نوجوان نے ساتویں منزل کی کھڑکی میں لٹکے بچے کو بچا لیا

پولیس کی جانب سے عرب نوجوان کو اس شاندار اقدام پر اعزاز سے نواز دیا گیا

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 9 اپریل 2019 16:13

عجمان: نوجوان نے ساتویں منزل کی کھڑکی میں لٹکے بچے کو بچا لیا
عجمان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔9 اپریل 2019ء) دُنیا ابھی انسانوں سے محبت کرنے والوں اور اُن کی خاطر خود کو بے تاب کرنے والوں سے قطعاً خالی نہیں ہوئی۔ یہ ہمدرد لوگ کسی انسان کو مصیبت میں دیکھ کر اپنی جان کی پرواہ کیے بغیر ہی اُس کی مصیبت دُور کرنے پر تُل جاتے ہیں۔ ایسا ہی ایک دردِ دل سے بھرا انسان محمد انیس العرابی ہے۔ شام سے تعلق رکھنے والا العرابی کافی عرصے سے عجمان میں مقیم ہے۔

ایک روز العرابی نے اپنے رہائشی فلیٹ کی کھڑکی سے باہر دیکھا تو عین سامنے والی بلڈنگ پر اُسے تین سالہ بچہ کھڑکی سے باہر لٹکا نظر آیا۔ العرابی کو احساس ہوا کہ اگر تھوڑی سی بھی دیر ہوئی تو بچے کی جان جا سکتی ہے۔ اُس نے اندازہ لگایا کہ یہ فلیٹ کونسا ہے اور پھر دوڑا دوڑا وہاں گیا اور وہاں کا دروازہ کھٹکھٹایا۔

(جاری ہے)

ایک گھریلو ملازمہ باہر آئی۔

بچے کے والدین اس وقت گھر پر نہ تھے۔ ملازمہ سے کچھ کہے بغیر العرابی فوراً اس کمرے کی طرف گیا جہاں پر کھڑکی سے بچہ خطرناک انداز میں باہر کو لٹکا ہوا تھا اور گرنے ہی والا تھا۔ اس واقعے کی بعد میں پولیس کو اطلاع کی گئی۔ اس حوالے سے عجمان پولیس کے کمانڈر انچیف میجر جنرل شیخ سلطان النعیمی نے بتایا کہ تین سالہ بچے کے والدین گھر سے باہر تھے اور اپنے بچوں کو گھریلو ملازمہ کی نگرانی میں چھوڑ کر گئے تھے۔ اس نوجوان نے حاضر دماغی سے کام لے کر ایک بچے کی خطرے میں پڑی جان بچا لی۔ عجمان پولیس کی جانب سے شامی نوجوان کو اُس کے بہادری والے اقدام پر شاندار اعزاز سے نواز دیا۔

متعلقہ عنوان :

عجمان میں شائع ہونے والی مزید خبریں