غیر مُلکی خاتون نے پولیس والے کو دِن میں تارے دکھا دیئے

خاتون نے نشے کی حالت میں اماراتی پولیس اہلکار پر دھاوا بولا اوراس کی سرکاری گاڑی کے شیشے بھی توڑ دیئے

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 28 جون 2019 16:05

غیر مُلکی خاتون نے پولیس والے کو دِن میں تارے دکھا دیئے
ابو ظہبی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین- 28جُون 2019ء) ابوظہبی پولیس نے ایک غیر مُلکی خاتون کو پولیس اہلکار پر حملہ کرنے اور اُس کی گاڑی کا شیشہ توڑنے کے الزام میں گرفتار کر لیا ہے۔ خاتون پر بغیر لائسنس شراب پینے کا الزام بھی عائد کیا گیا ہے۔ ابو ظہبی کی کریمنل کورٹ میں مقدمے کی سماعت ہوئی تو استغاثہ کی جانب سے بتایا گیا کہ شراب کے نشے میں بدمست خاتون نے پولیس افسر پر حملہ کیا اور اُس کی سرکاری گاڑی کے پچھلی جانب کا شیشہ بھی توڑ دیا۔

مقدمے کی سماعت کے دوران خاتون نے اعتراف کیا کہ اُس نے بغیر لائسنس کے شراب پی رکھی تھی، تاہم اُس نے پولیس افسر پر حملہ کرنے اور اُس کی پٹرولنگ کار کو نقصان پہنچانے کے الزامات کو مسترد کر دیا۔ ملزمہ نے اس حوالے سے کہا کہ اُسے کچھ بھی یاد نہیں کہ اُس نے پولیس والے کو شراب کے نشے میں مارنے پیٹنے کی کوشش کی تھی۔

(جاری ہے)

وہ شراب کے نشے میں پُوری طرح ڈُوبی ہوئی تھی۔

اس موقع پر استغاثہ کی جانب سے خاتون کو قید کی سزا دینے کی سفارش کی گئی تاہم ملزمہ کے وکیل کی جانب سے متاثرہ پولیس آفیسر کی جانب سے خاتون کو معافی دیئے جانے سے متعلق دستاویز پیش کی گئی۔ جس میں بتایا گیا تھا کہ متاثرہ اہلکار نے خاتون کی جانب سے گاڑی کو پہنچنے والے نقصان کا مالی صورت میں ازالہ کرنے کی ہامی بھرنے پر اُسے معافی دے دی ہے۔

ملزمہ کے وکیل نے یہ بھی بتایا کہ لائسنس کے ساتھ شراب پینے کی شرط صرف مسلمانوں پر لاگو ہوتی ہے، غیر مسلموں کو متحدہ عرب امارات میں شراب پینے کے لیے لائسنس کے حصول سے استثنیٰ حاصل ہے۔ عدالت میں ملزمہ نے اپنے طرزِ عمل پر شرمندگی کا اظہار کیا۔ خاتون نے کہا کہ وہ گزشتہ چھ سالوں سے امارات میں مقیم ہے اور اُس نے ہمیشہ یہاں کے قوانین کا احترام کیا۔ وہ کسی کریمنل ریکارڈ کی حامل نہیں ہے۔ اس مقدمے کا فیصلہ اگلی سماعت پر سُنایا جائے گا۔

دبئی میں شائع ہونے والی مزید خبریں