دُبئی: چار سالہ بچی سکول سے باہر گاڑی تلے کُچل کر جاں بحق ہو گئی

افریقی کار سوار خاتون گاڑی ریورس کر رہی تھی جب بچی اور اُس کی والدہ گاڑی تلے آ کر کُچلی گئیں

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 5 نومبر 2019 17:11

دُبئی: چار سالہ بچی سکول سے باہر گاڑی تلے کُچل کر جاں بحق ہو گئی
دُبئی (اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔5 نومبر 2019ء) دُبئی میں چار سالہ بچی سکول کے باہر گاڑی تلے آ کر کُچلی گئی اور موقع پر ہی دم توڑ گئی۔ جبکہ اُس کی والدہ بھی گاڑی کی زد میں آ کر شدید زخمی ہو گئی جسے فوری طور پر ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ یہ واقعہ جبلِ علی پولیس اسٹیشن کی حددود میں واقع ایک سکول میں دوپہر کے وقت پیش آیا۔ جبلِ علی پولیس اسٹیشن کے ڈائریکٹر بریگیڈیئر جنرل ڈاکٹر عادل السویدی نے بتایا کہ پولیس اسٹیشن کو سہ پہر 3 بج کر 40 منٹ پر ایک اسکول کے باہر حادثے کی اطلاع مِلی۔

جس کے بعد طبی امداد کی ٹیمیں موقع پر روانہ کر دی گئیں۔ جائے حادثہ پر 4 سالہ بچی اور اس کی والدہ شدید زخمی حالت میں سڑک پر پڑی تھیں۔ جنہیں فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا تاہم بچی کے ہسپتال پہنچتے ہی ڈاکٹروں نے بتایا کہ وہ وفات پا چکی ہے، جبکہ بچی کی والدہ کا ہسپتال میں علاج جاری ہے ، اُس کی حالت بھی تشویش ناک بتائی جا رہی ہے۔

(جاری ہے)

والدہ کا تعلق بھارت سے ہے۔

ڈاکٹر السویدی نے مزید بتایا کہ یہ واقعہ اُس وقت پیش آیا جب سکول کے باہر ایک افریقی خاتون اپنی گاڑی ریورس کر رہی تھی کہ اچانک اُس کا پیر حادثاتی طور پر بریک کی بجائے ایکسلریٹر پر آ گیا۔ جس کے باعث گاڑی تیزی سے پیچھے آئی اور ایک پارک کی گئی گاڑی کے پیچھے کھڑی خاتون اور اُس کی بچی کو زور سے جا لگی جو افریقی خاتون کی کار اور دُوسری کار کے درمیان آ کر بُری طرح پچکی گئیں۔

جس کے نتیجے میں بچی موقع پر ہی وفات پا گئی اور والدہ کو این ایم سی ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ اس حادثے کے نتیجے میں وہاں کھڑی دیگر تین گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا۔ ڈاکٹر السویدی نے ڈرائیورز سے اپیل کی کہ وہ اسکول کے آس پاس کے راستوں پر ڈرائیونگ کے دوران احتیاط سے کام لیا کریں، خصوصاً جب بچوں کے صبح سکول میں داخل ہونے اور چھُٹی کے وقت سکول سے باہر آنے کا وقت ہو۔ اس دوران گاڑی کی رفتار دھیمی کر نا ہی بہتر ہے۔

دبئی میں شائع ہونے والی مزید خبریں