”دبئی سے وطن واپسی کے لیے آن لائن ٹکٹ بُک نہ کرائیں“

پاکستانی قونصل جنرل احمد امجد علی نے خبردار کیا ہے کہ بہت سے نوسرباز پاکستانیوں کو آن لائن ٹکٹ کے نام پر لوٹ رہے ہیں، ٹکٹس صرف پی آئی اے کے کائونٹرز پر دستیاب ہیں

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 27 مئی 2020 11:15

”دبئی سے وطن واپسی کے لیے آن لائن ٹکٹ بُک نہ کرائیں“
دُبئی(اُردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار-72مئی2020ء) پاکستان کے سفارتی حکام نے دبئی میں مقیم اپنے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ وطن واپسی کی پروازوں میں سوار ہونے کے لیے آن لائن ٹکٹ ہرگز بُک نہ کرائیں اور کسی کے جھانسے میں نہ آئیں کیونکہ ان کے ساتھ فراڈیے اور دھوکے باز کوئی ہاتھ کر سکتے ہیں۔

العربیہ نیوز کے مطابق دبئی میں پاکستان کے قونصل جنرل احمد امجد علی نے اپنے ٹویٹراکاؤنٹ پر ایک ویڈیو پیغام جاری کیا ہے۔

(جاری ہے)

وہ اس میں دبئی اور متحدہ عرب امارات میں شامل شمالی امارتوں میں مقیم پاکستانیوں سے مخاطب ہوئے ہیں اور انھیں خبردار کیا ہے کہ وہ پروازوں کے لیے آن لائن ٹکٹ بُک کرانے اور کسی کو رقم کی ادائی سے گریز کریں کیونکہ پاکستان جانے والی پروازوں کے ٹکٹ صرف قومی فضائی کمپنی کے کاؤنٹر ہی پر دستیاب ہیں۔

اس وقت یو اے ای میں کرونا وائرس کی پابندیوں کی وجہ سے پھنسے ہوئے ہزاروں پاکستانی تارکین وطن اور سیاحوں کو دھوکا دینے کے لیے فراڈیے اور دھوکے باز افراد نئے نئے حربے آزما رہے ہیں اور اب انھوں نے آن لائن ٹکٹ بیچنا شروع کردیے ہیں۔احمد امجد علی نے اپنے پیغام میں کہا’’ میں یہ بات اجاگر کرنا چاہتا ہوں کہ ہمیں اس ضمن میں بہت سی شکایات موصول ہوئی ہیں اور ان میں یہ کہا گیا ہے کہ بعض فن کار اور فراڈیے قسم کے لوگ خود کو قونصل خانے کے اہلکار اور ٹریول ایجنٹ ظاہر کررہے ہیں۔

‘‘انھوں نے پاکستانیوں کو تاکید کی ہے کہ آن لائن رقوم ادا نہ کریں،جب قونصل خانہ آپ سے رابطہ کرے تو پھر پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائنز (پی آئی اے) کے کاؤنٹر پر ذاتی طور پرتشریف لے جائیں اور وہاں ٹکٹ کی رقم ادا کریں۔اس ٹکٹ کی قیمت حکومت کی منظور شدہ ہوگی۔ ان کا مزید کہنا تھا۔’’ فراڈیے آپ (پاکستانیوں) سے یہ کہہ رہے ہیں کہ آن لائن رقوم کی منتقلی کریں لیکن مہربانی کرکے ہوشیار رہیے ،یہ لوگ آپ سے جھوٹ بول رہے ہیں اور آپ کو دھوکا دینے کی کوشش کررہے ہیں،ان لوگوں سے محتاط رہیے۔

دبئی میں شائع ہونے والی مزید خبریں