ایمرٹس ائیرلائن نے پاکستان کیلئے اپنا فضائی آپریشن بحال کر دیا

اماراتی ائیرلائن نے دونوں ممالک کے درمیان پروازوں کا دوبارہ آغاز کر دیا، مسافروں کیلئے ایمرٹس سے منظورہ شدہ لیب سے کرونا ٹیسٹ کی منفی رپورٹ جمع کروانا لازمی قرار

muhammad ali محمد علی بدھ 1 جولائی 2020 21:15

ایمرٹس ائیرلائن نے پاکستان کیلئے اپنا فضائی آپریشن بحال کر دیا
دبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 01 جولائی2020ء) ایمرٹس ائیرلائن نے پاکستان کیلئے اپنا فضائی آپریشن بحال کر دیا، اماراتی ائیرلائن نے دونوں ممالک کے درمیان پروازوں کا دوبارہ آغاز کر دیا، مسافروں کیلئے ایمرٹس سے منظورہ شدہ لیب سے کرونا ٹیسٹ کی منفی رپورٹ جمع کروانا لازمی قرار۔ گلف نیوز کی جانب سے شائع کردہ رپورٹ کے مطابق متحدہ عرب امارات کی ایمرٹس ائیرلائن نے پاکستان کیلئے معطل کی گئی پروازیں دوبارہ بحال کر دی ہیں۔

ایمرٹس ائیرلائن کے اعلامیہ کے مطابق پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان ایمرٹس ائیرلائن کی پروازیں دوبارہ بحال کر دی گئی ہیں۔ ایمرٹس ائیرلائن پاکستان کے 3 شہروں اسلام آباد، کراچی اور لاہور سے پروازیں آپریٹ کرے گی۔ جبکہ ایمرٹس ائیرلائن نے پاکستان سے سفر کرنے کے خواہش مند افراد پر لازم کیا ہے کہ چغتائی لیب سے کرونا پی سی آر ٹیسٹ کروایا جائے۔

(جاری ہے)

ٹیسٹ کی رپورٹ منفی آنے کی صورت میں ہی مسافروں کو ایمرٹس ائیرلائن کی پرواز پر سفر کرنے کی اجازت ہوگی۔ جبکہ ٹیسٹ رپورٹ 96 گھنٹے سے زیادہ پرانی نہیں ہونی چاہیئے۔ مزید بتایا گیا ہے کہ 12 سال سے کم عمر ایسے بچے جن کے والدین کا ٹیسٹ منفی آیا ہو، انہیں ٹیسٹ کروانے کی ضرورت نہیں ہوگی۔ واضح رہے کہ ایمرٹس ائیرلائن نے کچھ روز قبل پاکستان کیلئے پروازیں معطل کر دی تھیں۔

یہ فیصلہ پاکستان سے امارات جانے والی پرواز میں سوار پاکستانیوں میں کورونا کی تشخیص کے بعد لیا گیا تھا۔ پابندی عارضی طور پر عائد کی گئی تھی۔ بعد ازاں 29 جون کو اماراتی سول ایوی ایشن نے بھی پاکستان سے امارات آنے والی پروازوں پر عارضی پابندی لگا دی تھی۔ اعلان کیا گیا تھا کہ یہ پابندی اس وقت تک برقرار رہے گی جب تک مسافروں کے کورونا ٹیسٹ کے لیے خصوصی لیب قائم نہیں کی جائے گی۔ اب ایمرٹس نے پاکستان کی مشہور نجی لیب چغتائی کو مسافروں کے کرونا ٹیسٹ کروانے کیلئے منتخب کیا ہے۔ ایمرٹس ائیرلائن پر سفر کرنے کے خواہش مند پاکستانیوں کو چغتائی لیب سے پی سی آر کرونا ٹیسٹ کروانا ہوگا۔

دبئی میں شائع ہونے والی مزید خبریں