امارات میں عید الاضحی کے موقع پر بے احتیاطی نے کورونا کیسز میں اضافہ کر دیا

کئی روز کے بعد گزشتہ 24 گھنٹوں میں 15 سو سے زائد کورونا کیسز سامنے آ گئے

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 23 جولائی 2021 10:04

امارات میں عید الاضحی کے موقع پر بے احتیاطی نے کورونا کیسز میں اضافہ کر دیا
دُبئی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔23 جولائی 2021ء) متحدہ عرب امارات میں حکام نے عید سے کئی روز قبل خبردار کیا تھا کہ اگر لوگوں نے پارٹیوں اور بھیڑ بھاڑ سے گریز نہ کیا تو اس کے پریشان کُن نتائج سامنے آ سکتے ہیں۔ ہیلتھ اتھارٹیز اور فرنٹ لائن ورکرزکی جانب سے کورونا وبا کو قابو میں رکھنے کے لیے جو انتھک محنت اور بہترین اقدامات کیے گئے ہیں، وہ محنت ضائع بھی جا سکتے ہیں، اس لیے لوگوں کو عید پر کورونا سے متعلق گائیڈ لائنز پر پوری طرح عمل کرنا ہو گا، جن میں ماسک پہننا، سماجی فاصلہ برقرار رکھنا، گلے مل کر عید کی مبارک باد نہ دینا اورعید پارٹیز سے باز رہنا ہے۔

تاہم کچھ لوگوں کی بے احتیاطی کی وجہ سے امارات میں عید کے فوراً بعد کورونا کیسز ایک بار پھر بڑھ گئے ہیں۔

(جاری ہے)

کئی روز کے بعد گزشتہ 24گھنٹوں میں کورونا کے ڈیڑھ ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ حکام نے خبردار کر دیا ہے کہ لوگ احتیاطی تدابیر پر پوری طرح عمل کریں ورنہ کیسز قابو سے باہر ہو سکتے ہیں ۔ کیونکہ کورونا کی بھارتی قسم ڈیلٹا بہت خطرناک ثابت ہو رہی ہے۔

وزارت صحت کے مطابق گزشتہ روز کورونا کے 1506 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جس کے بعد کورونا کیسز کی مجموعی گنتی بڑھ کر 6 لاکھ 65 ہزار533 تک جا پہنچی ہے۔ وزارت کے مطابق نئے مریضوں کا تعلق مختلف ممالک سے ہے۔ جبکہ مزید 3 کورونا مریض چل بسے، جس کے بعد مجموعی ہلاکتیں 1,907 ہو گئی ہیں۔ جبکہ مزید 1,484 مریض صحت یاب ہو گئے ہیں جس کے بعد مجموعی صحت یابیاں 6 لاکھ43 ہزار 234 ہو گئی ہے۔

وزارت کی جانب سے امارات بھر میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 2 لاکھ 42 ہزار 542 افراد کے کورونا ٹیسٹ کیے گئے ہیں۔ مملکت میں اب تک 1 کروڑ 70 لاکھ سے زائد ویکسین خوراکیں دی جا چکی ہیں۔واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات ویکسی نیشن کے معاملے میں دُنیا بھر میں پہلے نمبر پر آ گیا ہے جو اس کے ہیلتھ سیکٹر کے جدید ترین اور بہترین ہونے کا ثبوت ہے۔ مشہور امریکی میگزین بلومبرگ کی ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اپنی آبادی کو زیادہ سے زیادہ ویکسین خوراکیں لگانے والے ممالک کے حوالے سے جو تازہ ترین اعداد و شمار سامنے آئے ہیں، ان کے مطابق یو اے ای اس فہرست میں پہلے نمبر پر براجمان ہو گیا ہے۔

اماراتی وزارت صحت کے مطابق امارات کی اعلیٰ قیادت کے کورونا سے بچاؤ کے فعال ویژن کی بدولت ہی یہ شاندار کامیابی نصیب ہوئی ہے اور کورونا سے درپیش چیلنجز سے نمٹنے کا موقع ملا ہے۔

دبئی میں شائع ہونے والی مزید خبریں