دبئی کسٹم نے جعلی سکن کیئر مصنوعات کی بھاری کھیپ ضبط کر لی

ایشیائی ملک سے ہوائی جہاز کے ذریعے جعلی سکن کیئر مصنوعات کی ایک بڑی کھیپ اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی گئی

Sajid Ali ساجد علی جمعہ 26 نومبر 2021 14:38

دبئی کسٹم نے جعلی سکن کیئر مصنوعات کی بھاری کھیپ ضبط کر لی
دبئی ( اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 26 نومبر 2021ء ) دبئی کے محکمہ کسٹمز نے ایک ایشیائی ملک سے ہوائی جہاز کے ذریعے جعلی سکن کیئر مصنوعات کی ایک بڑی کھیپ اسمگل کرنے کی کوشش کو ناکام بنا دیا ۔ خلیج ٹائمز کے مطابق دبئی کسٹمز کے ڈائریکٹر جنرل احمد محبوب مصبیح نے کہا کہ یہ کامیابی دبئی کسٹمز کی جانب سے برانڈز کے دانشورانہ املاک کے حقوق کے تحفظ کے فریم ورک کے اندر آتی ہے ، اتھارٹی اس بات کو یقینی بنانا چاہتی ہے کہ صارفین ایسی مصنوعات حاصل کریں جو بین الاقوامی تصریحات کے مطابق ہوں جو تمام صحت اور ماحولیاتی حالات کو مدنظر رکھتے ہوں۔

انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات کے حکام دانشورانہ املاک کے حقوق کے تحفظ اور ٹریڈ مارک کے مالکان کو اپنے کاروبار کو برقرار رکھنے کے قابل بنانے کے لیے پرعزم ہیں ، یہی وجہ ہے کہ دبئی کسٹمز نے 2021 کے پہلے نو مہینوں کے دوران ملک میں جعلی مصنوعات سمگل کرنے کی 2,669 کوششوں کو ناکام بنایا، جب کہ گزشتہ سال یہ تعداد 1,715 پکڑی گئی تھی۔

(جاری ہے)

انہوں نے نشاندہی کی کہ یہ پکڑے جانے والے جعلی سامان کو دبئی کے ذریعے دیگر علاقائی، بین الاقوامی منڈیوں تک پہنچنے سے بھی روکتے ہیں ، دبئی کسٹمز برانڈ اونرز کونسل (BOC) کے ساتھ جعلی اشیا کا مقابلہ کرنے اور املاک کی حفاظت کے لیے تعاون کرتا ہے۔

دوسری جانب متحدہ عرب امارات میں سبزیوں سے لدے ٹرک کے ذریعے اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنادی گئی ، دبئی کسٹم افسران نے سرحدی چیک پوسٹ ’حتا‘ کے راستے نایاب نسل کے 64 فالکنز سمگل کرنے کی کوشش اس وقت ناکام بنادی جب سبزیوں سے بھرا ایک ٹرک حتا سرحدی چیک پوسٹ پر پہنچا ، کسٹم افسران نے شبے کی بنیاد پر اس کی تلاشی لی کیوں کہ ٹرک ڈرائیور چیک پوسٹ پہنچنے کے بعد پریشان نظر آرہا تھا ، تلاشی لینے پر ٹرک میں سبزیوں کے کارٹنز کے نیچے چھپائے گئے فالکنز برآمد ہوئے۔

دبئی کسٹم حکام کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ سمگلر نایاب نسل کے جانوروں، پرندوں اور پودوں کے بین الاقوامی قانون اور دبئی میں قرنطینہ قانون کی خلاف ورزی کے بھی مرتکب ہوئے کیوں کہ ملزمان ہیلتھ سرٹیفکٹ اور رسمی دستاویزات کے بغیر فالکن کو لے کر سرحدی چیک پوسٹ کے راستے دبئی میں داخل کرنے کی کوشش کررہے تھے۔

دبئی میں شائع ہونے والی مزید خبریں