دُبئی: دُوسری بیوی کی مار پیٹ کرنے پر اماراتی باشندہ گرفتار

ظالم شوہر نے خاتون کا گلہ گھونٹ کر ہلاک کرنے کی بھی کوشش کی

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 19 ستمبر 2018 12:50

دُبئی: دُوسری بیوی کی مار پیٹ کرنے پر اماراتی باشندہ گرفتار
دُبئی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19 ستمبر 2018ء) ایک اماراتی شخص کو اپنی بیوی کو گالیاں بکنے، مار پیٹ کرنے، قتل کی دھمکی دینے اور دھکے دے کر گھر سے باہر نکالنے کے جُرم میں گرفتار کر لیا گیا۔ متاثرہ ایرانی خاتون کا اپنے 43 سالہ خاوند کے ساتھ کسی بات پر تلخ کلامی ہوئی تھی۔ جس پر ملزم نے پہلے اپنی بیوی کو گالی دی اور پھر کلاتھ ہینگر سے اُسے مارنے لگا اس کے بعد اُس کا گلہ گھونٹنے کی بھی کوشش کی تاہم ملزمہ کے 16 سالہ بیٹے نے اپنے سوتیلے باپ کو پرے دھکیل کر ماں کو ہلاک ہونے سے بچا لیا۔

جس کے بعد ظالم خاوند نے خاتون کو دھکے دے کر گھر سے نکال دیا اور دھمکی دی کہ اگر اُس نے واپس آنے کی کوشش کی اُسے قتل کر دے گا۔ خاتون نے واقعے کی اطلاع پولیس کو دی جس نے خاوند کو تفتیش کے لیے طلب کر لیا۔

(جاری ہے)

پولیس نے ملزم کو قصووار پانے پر ملزم کو گرفتار کر کے استغاثہ کے حوالے کر دیا۔ عدالت میں کیس کی سماعت کے دوران ملزم نے اپنی دُوسری بیوی کی جانب سے لگائے گئے الزامات کے جواب میں کہا کہ اُس نے نہ تو اپنی بیوی کو گالی بکی ، نہ مار پیٹ کا نشانہ بنایا اور نہ ہی اُسے کوئی دھمکی دی۔

وہ اپنی مرضی سے گھر سے باہر گئی۔ اُسے میں نے ایسا کرنے کے لیے قطعاً مجبور نہیں کیا۔ 31 سالہ مُدعیہ نے عدالت کو بتایا کہ رات تین بجے کے قریب اُس کی کسی بات پر خاوند سے گرما گرمی ہوئی، جس پر خاوند نے اُسے ہینگر سے بُری طرح پِیٹ ڈالا اور پھر میرا گلہ دبانے کی کوشش کی، مگر میرے سولہ سالہ بیٹے نے اپنے سوتیلے باپ کو پرے دھکیل کر میری جان بچائی۔

ظالم خاوند کا اس پر بھی اشتعال کم نہ ہوا، اُس نے مجھے دھکے دے کر گھر سے باہر نکالا اور کہا کہ میں اپنے والدین کے گھر دفع ہو جاؤں۔ اگر میں نے واپس آنے کی کوشش کی تو وہ مجھے قتل کر دے گا۔ اسی دوران اُس نے مجھے مشکوک کردار کا حامل قرار دیتے ہوئے فاحشہ کا خطاب دے ڈالا۔ اس سے پہلے بھی اپریل 2018ء میں اس نے مجھے تشدد کا نشانہ بنا کر میرے بچوں سمیت گھر سے باہر نکال دیا تھا۔ مقدمے کی سماعت اگلی تاریخ تک ملتوی کر دی گئی ہے۔

دبئی میں شائع ہونے والی مزید خبریں