احمد پور سیال،عیدالاضحی کے پہلے روز دکان میں آتشزدگی کی وجہ سے کروڑوں روپے کا مالی نقصان ،دکان جل کر خاکستر

ہفتہ 1 جولائی 2023 14:50

احمد پور سیال (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 جولائی2023ء) عیدالاضحی کے پہلے روز دکان میں آتشزدگی کی وجہ سے کروڑوں روپے کا مالی نقصان ،دکان جل کر خاکستر ہوگئی ۔محلہ فاروق آباد میں ملک محمد رمضان راں کی پینٹ سٹور کی دکان میں علی الاصبح اچانگ آگ بھڑک اٹھی جس نے آناً فاناً پوری دکان کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ۔ آگ کے بلند شعلوں اور دھوئیں کے اٹھتے ہوئے بادلوں کو دور دور سے دیکھا جاسکتا تھا۔

آگ اتنی شدید تھی کہ ایک کلو میٹر دور تک اس کی شدت کو محسوس کیا جاسکتا تھا۔ فائر فائٹرز کا دفتر احمد پور سیال سے 30کلومیٹر دور ہونے کی وجہ سے فائر بریگیڈ کا عملہ ایک گھنٹے کے بعد پہنچا ۔ریسکیو1122کے پہنچنے سے پہلے دکان اور اس میں پڑا سامان جل کر راکھ ہوچکا تھا ۔

(جاری ہے)

دکاندار رمضان راں نے بتایا کہ آگ لگنے کی وجہ شارٹ سرکٹ ہے یا کوئی اور اس بارے میں کچھ نہیں کہا جاسکتا ۔

آتشزدگی کے نتیجہ میں کروڑوں روپے مالیت کا نقصان ہوا ہے ۔دکان میں آتشزدگی کے نتیجہ میں ہونے والے بھاری مالی نقصان پر انجمن تاجران احمد پور سیال کی طرف سے گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے صدر انجمن تاجران چوہدری محمد اختر جاوید اور جنرل سیکرٹری ملک محمد شریف نیر نے کہا ہے کہ اگر فائر بریگیڈ کی سہولت احمد پور سیال میں ہوتی تو بھاری مالی نقصان نہ اٹھانا پڑتا۔

انہوں نے احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ تحصیل ہیڈ کوارٹر ہونے کے ناطے ریسکیو1122کا دفتر احمد پور سیال میں ہونا چاہئے تھا لیکن یہ دفتر سیاست کی بھینٹ چڑھ گیا اور اسے تحصیل ہیڈ کوارٹر سی30کلومیٹر دور بنا دیا گیا ہے یہی وجہ ہے کہ آتشزدگی کی صورت میں فائر فائٹرز کے پہنچنے تک کام تمام ہو چکاس ہوتا ہے ۔انہوں نے سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ احمد پور سیال کو فائر بریگیڈ کی سہولت سے محروم رکھنا یہاں کے عوام کے ساتھ ناانصافی ہے ۔انہوں نے حکومت سے پرزور مطالبہ کیا کہ ریسکیو1122کا مرکزی دفتر احمد پور سیال میں بناکر اس کی ایک برانچ گڑھ موڑ میں قائم کی جائے تاکہ احمد پور سیال کو مزید نقصان سے بچایا جاسکے ۔

متعلقہ عنوان :

احمد پور سیال میں شائع ہونے والی مزید خبریں