احمد پور سیال ،بنیادی مرکز صحت نیکو کارہ کے رہائشی کوارٹرز بھوت بنگلوں کا منظر پیش کرنے لگے

پیر 16 جنوری 2023 14:15

احمد پور سیال (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جنوری2023ء) بنیادی مرکز صحت نیکو کارہ کے رہائشی کوارٹرز بھوت بنگلوں کا منظر پیش کرنے لگے ہیں۔ ارباب اختیار کی عدم توجہی کا شکار یہ بوسیدہ کوارٹرز انتہائی خستہ حال ہوچکے ہیں۔ ناگفتہ بہ ہونے کی وجہ سے یہ کوارٹرز رہائش کے قابل نہیں ہیں جس کی وجہ سے ہسپتال میں تعینات عملہ کے لئے رہائش کے مسائل پیدا ہوگئے ہیں اور وہ شدید پریشانی سے دوچار ہیں۔

کمروں کے دروازے ٹوٹ چکے ہیں اور دیواروں پر لگی دیمک، بوسیدہ چھتوں اور اکھڑے ہوئے فرشوں نے انہیں ''اجڑے دیار''میں تبدیل کردیا ہے یہی وجہ ہے کہ ان کوارٹرز میں انسانوں کی بجائے ویرانی نے ڈیرے ڈال لئے ہیں اور رات تو رات دن کے اوقات میں بھی یہاں ہو کا عالم ہوتا ہے۔

(جاری ہے)

ان کوارٹرز کو آباد کرنے کی بجائے تباہ وبرباد ہونے کے لئے چھوڑ دیا گیا ہے۔

ان ناکارہ کوارٹرز میں ''بسیرا''مشکل ہی نہیں بلکہ ناممکن ہے۔ تصاویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ محکمہ صحت کے ارباب اختیار کی نظروں سے اوجھل یہ سرکاری رہائش گاہیں دن بدن جنوں، بھوتوں اور ''غیبی مخلوق''کی آماجگاہیں بنتی جا رہی ہیں۔ بنیادی مرکز صحت نیکو کارہ تحصیل احمد پور سیال کے عملہ اور اہلیان دیہہ نے ارباب بست و کشاد سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ سرکاری رہائشی کوارٹرز کی تعمیر ومرمت کرکے انہیں رہائش کے قابل بنایا جائے تاکہ ہسپتال کا عملہ انہیں آباد کرسکے

احمد پور سیال میں شائع ہونے والی مزید خبریں