اٹک،ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں پیشی کیلئے آنے والے ملزمان پر مخالف گروپ کی فائرنگ ایک شخص قتل ، ایک شدید زخمی

منگل 12 اکتوبر 2021 16:02

اٹک،ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں پیشی کیلئے آنے والے ملزمان پر مخالف گروپ  کی فائرنگ ایک شخص قتل ، ایک شدید زخمی
اٹک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اکتوبر2021ء) ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اٹک میں پیشی کیلئے آنے والے ملزمان پر مخالف گروپ نے فائرنگ کرکے ایک شخص قتل جبکہ ایک شدید زخمی کر دیا، حملہ آور وں کی فرار کی کوشش میں تیز رفتار گاڑی لارنسپور کے قریب الٹ گئی، پولیس کے مطابق  منگل 12اکتوبر کی صبح مین روڈ نزد سیشن کورٹ اٹک میں کار پارکنگ کے بعد تھانہ رنگو میں درج مقدمہ نمبر 137/20  کے دوہر ے قتل کے ملزمان جو ضمانت پر رہا تھے عدالت پیشی کیلئے آئے جو اپنی کار سے اتر رہے تھے کہ مخالف گروپ نے اپنی کار نمبری LE7073سے فائرنگ شروع کر دی جس کے نتیجہ میں ملک صدام حسین ولد پرویز اخترنامی نوجوان موقع پر جاں بحق جبکہ اسد نامی شخص زخمی ہو گیا، اٹک سٹی پولیس واقعہ کی اطلاع ملتے ہی جائے وقوعہ پر پہنچی تاہم حملہ آور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے جو لارنسپور کے قریب حادثے کا شکار ہو گئے اور ان کی کار تیز رفتاری کے باعث الٹ گئی ، پولیس ذرائع کے مطابق حادثے کے بعد ملزمان اسلحہ سمیت ایک اور کار میں فرار ہوگئے ، تھانہ اٹک سٹی پولیس نے مقتول کے بھائی سفطین علی ولد پرویز اختر کی درخواست پر راشد،شہزاد اورمحمود نامی افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے جس کے مطابق صدام حسین کو پرانی دشمنی کی بناء پر قتل کیا گیا ہے، ادھر ڈی پی او اٹک کے احکامات پر ملزمان کی تلاش کیلئے پولیس ٹیموں نے فقیر آباد لارنسپور میں چھاپے مارنا شروع کر دیئے ہیں۔

اٹک میں شائع ہونے والی مزید خبریں