حضور اکرم ﷺ کے اسوہ حسنہ پر چل کرہی ہم دنیا و آخرت میں کامیابی حاصل کرسکتے ہیں، یاور عباس بخاری

ہفتہ 21 نومبر 2020 18:04

اٹک۔21نومبر  (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21نومبر2020ء) :چیئر مین پبلک اکاونٹس کمیٹی پنجاب سید یاور عباس بخاری نے کہا ہے کہ حضور اکرم ﷺ کے اسوہ حسنہ پر چل کرہی ہم دنیا و آخرت میں کامیابی حاصل کرسکتے ہیں۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج اٹک میں تقریب تقسیم انعامات و اسناد،بسلسلہ ہفتہ شان رحمت اللعامین ﷺ میں بطور مہمان خصوصی کیا۔

تقریب میں ڈپٹی ڈاریکٹر کالجز پروفیسر عثمان صدیقی،پرنسپل گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج اٹک پروفیسر ماجد وحید بھٹی، دیگر افسران اور طلبا ءبھی موجود تھے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سید یاور عباس بخاری نے کہا کہ سائنس کے اس ترقی یافتہ دور میں انسانی زندگی بے پناہ مصروف ہوگئی ہے۔اس صنعتی دور نے انسان کے ایک ایک لمحے کو مصروفیت سے دوچار کردیا ہے۔

(جاری ہے)

لہذا ضرورت اس امر کی ہے کہ زندگی کی گزر گاہوں میں ایسے مصروف انسانوں کے لیے حضرت محمد مصطفی ﷺ کی سیر ت باعث تسکین بنے اور وہ انسان اس سے فیضیاب ہو سکیں۔حضو ر ﷺ کا اصل کارنامہ یہ ہے کہ آپ ﷺ کی دعوت نے پورے کے پورے اجتماعی انسان کو اندر سے بدل دیااور اللہ کا ایک ہی رنگ تمام کائنات پر چھا گیا۔ذہن بدل گئے اور خیالات کا رخ بدل گیا اور اس کے ساتھ ساتھ زندگی کے تمام پیمانے بدل گئے۔

درحقیقت حضور ﷺ محسن انسانیت کے ہاتھوں انسانی زندگی کو نشاط ثانیہ حاصل ہوئی اور آپﷺ نے ایک نظام حق کی صبح درخشاں سے مطلع تہذیب کو روشن کرکے بین الاقوامی دور تاریخ کا افتتاح فرمایا۔یہ اتنا بڑا کارنامہ ہے کہ اس کی مثال کسی دوسری جگہ نہیں ملتی۔ حضور اکرم ﷺ دنیا کے مایوس حالات میں عظیم ترین تبدیلی کا پیغام لیکر ا ٹھے اورامید و محبت کی ایسی شمع روشن کی جس سے آج بھی پوری کائنات منور ہے۔ہمیں چائیے کہ ہم حضرت محمد مصطفی ﷺکی سیرت مبارکہ پر مکمل عمل کریں اور اپنی زندگیوں کو سنواریں۔آخر میں نعت خوانی،تقاریر،خطاطی اور دوسرے شعبوں میں کامیاب ہونے والے طلباءو طالبات میں انعامات اور اسناد تقسیم کی گئی۔

متعلقہ عنوان :

اٹک میں شائع ہونے والی مزید خبریں