ملک کے فیصلے اب جج یا جرنیل نہیں سیاسی لوگ کریں گے، عدالتیں سیاسی امور میں مداخلت نہ کریں ،سیاسی فیصلے سیاسی ایوانوں میں ہی ہونے دیں ورنہ تنقید ہوگی، پیپلزپارٹی نے مشکل وقت میں ملک کی باگ دوڑ سنبھالی مشرف کو پروٹو کول دینے پر اعتراض کرنیوالوں نے اس ہی سے وزارتوں کے حلف لیے،شہباز شریف کی حکومت لوٹوں کے سہارے کھڑی ہے، مائیک گرا اور اسٹیج اداکاری سے شہید ذوالفقار علی بھٹو نہیں بن سکتے ،طاہر القادری کو خوش آمدید کہتے ہیں ،ہمیں ڈیڈ لائن یا دھمکیاں نہ دیں بلکہ جمہوریت اور آئین کیلئے کام کریں اگر عوام نے ا نہیں یا کسی اور کو وزیراعظم منتخب کیا تو ان کے گھر جاکر ہار پہناؤں گا اگر ہم جیتے تو ہمیں برداشت کریں،غلام اسحاق خان دو اور فاروق لغاری اپنی بنائی ہوئی اسمبلی کھا گئے ،صدر آصف علی زرداری نے اپنے تمام اختیارات حکومت کے حوالے کر دئیے، ایگزیکٹور آرڈر کے ذریعہ صوبہ بہاولپور بحال نہیں ہو سکتا ،نئے صوبوں کے قیام کیلئے آئینی کمیشن کام کر رہا ہے، بہاولپور میں پی آئی ڈی کے دفتر کے قیام کا اعلان ،وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات قمر زمان کائرہ صحافیوں سے گفتگو ، ورکرزکنونشن سے خطاب

منگل 25 دسمبر 2012 20:28

بہاولپور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔25دسمبر۔ 2012ء) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات قمر زمان کائرہ نے کہاہے کہ عدلیہ اور فوج قابل احترام ہیں لیکن اب اس ملک کے فیصلے جج یا جرنیل نہیں بلکہ سیاسی لوگ کریں گے، عدالتیں سیاسی امور میں مداخلت نہ کریں ،سیاسی فیصلے سیاسی ایوانوں میں ہی ہونے دیں ورنہ تنقید ہوگی، پیپلزپارٹی نے ا س وقت ملک کی باگ دوڑ سنبھالی جب پاکستان عالمی برادری میں تنہا ہوچکا تھا اوردہشت گردی پھیل اورملک سکڑ رہا تھا دہشت گر داسلام آباد کی پہاڑیوں تک پہنچ چکے تھے،زرعی ملک ہونے کے باوجود پاکستان فوڈ سیکورٹی کا شکار تھا،پرویزمشرف کو پروٹو کول دینے پر اعتراض کرنیوالوں نے اس ہی سے وزارتوں کے حلف لیے،شہباز شریف کی حکومت لوٹوں کے سہارے کھڑی ہے، مائیک گرا اور اسٹیج اداکاری سے شہید ذوالفقار علی بھٹو نہیں بن سکتے ،طاہر القادری کو خوش آمدید کہتے ہیں ،ہمیں ڈیڈ لائن یا دھمکیاں نہ دیں بلکہ جمہوریت اور آئین کیلئے کام کریں اگر عوام نے ا نہیں یا کسی اور کو وزیراعظم منتخب کیا تو ان کے گھر جاکر ہار پہناؤں گا اگر ہم جیتے تو ہمیں برداشت کریں،غلام اسحاق خان دو اور فاروق لغاری اپنی بنائی ہوئی اسمبلی کھا گئے ،صدر آصف علی زرداری نے اپنے تمام اختیارات حکومت کے حوالے کر دئیے۔

(جاری ہے)

ایگزیکٹور آرڈر کے ذریعہ صوبہ بہاولپور بحال نہیں ہو سکتا ،نئے صوبوں کے قیام کیلئے آئینی کمیشن کام کر رہا ہے۔وہ منگل کو یہاں بہاولپور میں ضلعی سیکرٹری اطلاعات محمد سلیم بھٹی کی رہائش گاہ پر صحافیوں سے گفتگو اور بعدازاں پیپلز پارٹی کے کنونشن میں ورکروں سے خطاب کر رہے تھے۔قمر زمان کائرہ نے کہا کہ جب ہم نے اقتدار سنبھالا تو دنیا لرز رہی تھی کے اگر ایٹمی طاقت پاکستان پر دہشت گردوں کا قبضہ ہو گیا تو پھر کیا ہوگا لیکن پیپلز پارٹی کی حکومت نے ملک کو دہشت گردوں سے واپس لے لیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں مہنگائی بے روزگاری اور لوڈ شیڈنگ جیسے مسائل ہیں لیکن عالمی معاہدوں کی وجہ سے قیمتوں ایڈجسٹ کرنا پڑتی ہے کیونکہ کے عالمی معاہدوں سے انحراف ممکن نہیں ہے لیکن اس کے باوجود پیپلزپارٹی کی حکومت دنیا کی واحد حکومت ہے جس نے اپنے ساڑھے چار سالہ دور میں مزدوروں کی تنخواہوں میں 150فیصد اضافہ کیا اس کے علاوہ سابق حکومتوں کی جانب سے نکالے جانیوالے ہزاروں افراد کو ملازمتوں پر بحال اور عارضی ملازمین کو مستقل کیا۔

انہوں نے کہا کہ سابقہ دور میں ایوان صدر سازشوں کے گڑھ بن چکے تھے لیکن صدر آصف علی زرداری نے ان سازشوں کے خاتمہ کا فیصلہ کیااور ایوان صدر میں پہنچ کر 58-2Bسمیت تمام اختیارات پارلیمنٹ حوالے کر دئیے۔قمر زمان کائرہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے وفاق کومضبوط بنایا اور چاروں صوبوں بھائیوں کو اکٹھا بیٹھاکرصوبوں کو خود مختیاری دی۔انہوں نے کہا کہ این ایف سی ایوارڈ فارمولے کے تحت صوبوں کو ایک ہزار ارب روپے اضافی دیئے جن میں صرف پانچ سو ارب روپے پنجاب حکومت کو اضافی دیئے گئے۔

انہوں نے کہاکہ آج گڈ گورنس کے نعرے لگانے والے اور تقریروں میں مائیک گرا اور اسٹیج کر سٹیج اداکاری کرنیوالے شہید ذوالفقار علی بھٹو بننے کی کوشش کررہے ہے مگر وہ سن لیں کہ بھٹو سمجھوتے کر نے کے بعد ملک کو آمروں کے حوالے کر کے بھاگنے سے نہیں بلکہ آمروں کے ہاتھوں مر کر بنا کرتے ہے ۔وفاقی وزیر نے کہا کہ یہ اعزاز ہمارے ورکرز کو حاصل ہے کہ وہ آمروں کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کرتے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ بہاولپور صوبہ ایگزیکٹو آرڈر کے ذریعہ نہیں بن سکتا بلکہ نئے صوبے بنانے کا طریقہ کار آئین میں موجود ہے اس پر کمیشن کام کررہا ہے جلد وہ اپنی سفارشات پرلیمنٹ میں پیش کرئے گا ۔ انہوں نے کہاکہ نگران حکومت کیلئے پارلیمنٹ اور پارلیمنٹ کے باہر تمام جماعتوں سے مشاورت کریں گے۔قمر زمان کائرہ نے کہا کہ ہم نے 127ممبرا ن کے ساتھ حکومت بنائی ہم نے ق لیگ کو اپنے ساتھ شامل کیالیکن چارٹر آف ڈیموکریسی کی خلاف ورزی نہیں کی۔

لیکن مسلم لیگ(ن) نے ممبران کی وفاداریاں تبدیل کیں اورلوٹوں کے سہارے پنجاب میں حکومت کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ چیئرمین نیب کے اس بیان پر کے ملک میں سات آٹھ ارب روپے کی روزانہ کرپشن ہو رہی ہے مخالفین نے اس پر بڑے ڈھو ل بجائے لیکن جب نیب کے چیئرمین نے کہاکہ 65فیصد پنجاب میں کرپشن ہورہی ہے تو پنجاب حکومت نے کہاکہ چیئرمین کا دماغ خراب ہو گیا ہے۔

قمر زمان کائرہ نے کہا کہ انہوں نے کہا کہ شہید بے نظیر بھٹواور یوسف رضا گیلانی پر نوکریاں دینے پر مقدمات کیے جاتے ہیں۔ شہباز شریف لیپ ٹاپ تقسیم کرکے اور تندوروں میں پیسے جھونک کر نوجوانوں کو نہیں خرید سکتے۔شہباز شریف نے جھوٹ اور دھوکہ دہی سے چیچہ وطنی کا الیکشن جیتا لیکن اب دھوکہ دہی نہیں چلے گی۔انہوں نے کہا کہ سیاسی مخالفین اور میڈیا کے کچھ دوست حکومت کے خلاف مہم چلا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم عدالتوں کا احترام کرتے ہیں اور عدلیہ خود مختار اور آزادنہ فیصلے کریں کیونکہ اس کے بغیر ملک ترقی نہیں کر سکتا لیکن عدالتیں سیاسی امور میں مداخلت نہ کریں اور تنقید اور اعتراض ہونگے۔اس موقع پر وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات نے بہاولپور میں پی آئی ڈی کے ریجنل آفس کے قیام کا اعلان کیا اور یہ دفتر دو ماہ میں اپنا کام شروع کر دئیگا۔جبکہ بہاولپور میں پی ٹی وی کے دفتر کے قیام کیلئے بھی اقدامات کیے جانے کی یقین دہانی کروائی۔اس موقع پر انہوں نے بہاولپور میں پی آئی ڈی کے ریجنل آفس کے قیام کرتے ہوئے کہا کہ یہ دفتر آئندہ دو ماہ میں اپنا کام شروع کر دے گا ۔

بہاولپور میں شائع ہونے والی مزید خبریں