بنوں میں پی ٹی آئی امیدوار سابق صوبائی وزیر کی رہائشگاہ کے باہر دھماکہ

ملک شاہ محمد خان کی رہائش گاہ کے سامنے بارودی مواد موٹر سائیکل میں نصب کیا گیا

Sajid Ali ساجد علی اتوار 28 جنوری 2024 21:47

بنوں میں پی ٹی آئی امیدوار سابق صوبائی وزیر کی رہائشگاہ کے باہر دھماکہ
بنوں ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 28 جنوری 2024ء ) صوبہ خیبرپختونخوا کے علاقہ بنوں میں تحریک انصاف کے امیدوار اور سابق صوبائی وزیر ملک شاہ محمد خان کی رہائش گاہ کے سامنے دھماکہ ہوگیا، ملک شاہ محمد صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی کے 101 سے پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار ہیں۔ پولیس کے مطابق ملک شاہ محمد خان کی رہائش گاہ کے سامنے بارودی مواد موٹر سائیکل میں نصب کیا گیا، جس کے باعث ہونے والے دھماکے کے نتیجے میں 2 افراد زخمی ہوئے جنہیں طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کے وقت ملک شاہ محمد خان گھر پر موجود نہیں تھے، علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا گیا۔ بتایا جارہا ہے کہ چند ہی روز قبل باجوڑ میں جے یو آئی امیدوار کی گاڑی کے قریب بم دھماکہ ہوا تھا، دھماکے میں جے یو آئی رہنما محفوظ رہے، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر باجوڑ کاشف ذوالفقار نے بتایا کہ بدھ کو تحصیل ماموند کے علاقہ برکمر میں جے یو آئی کے امیدوار پی کے 19 قاری خیر اللہ کی گاڑی پر ریموٹ کنٹرول بم دھماکہ اس وقت ہوا جب وہ اپنی گاڑی میں اپنے گھرواقع زگئی جارہے تھے، تاہم وہ دھماکہ میں محفوظ رہے اور بم دھماکے میں کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا لیکن گاڑی کو نقصان پہنچا، واقعہ کے بعد پولیس نے سرچ آپریشن شروع کردیا۔

(جاری ہے)

قبل ازیں جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے قافلے پر حملہ ہوا تھا، ڈی آئی خان میں مولانا فضل الرحمان کے قافلے پر دو اطراف سے فائرنگ کی گئی تھی، فائرنگ کا واقعہ یارک انٹرچینج پر اس وقت پیش آیا، جب مولانا فضل الرحمان اپنے بیٹے مولانا اسجد کے ولیمے میں جا رہے تھے۔ مولانا فضل الرحمان کے ترجمان مفتی ابرار نے دعویٰ کیا تھا کہ مولانا فضل الرحمان بڑے قافلےکے ساتھ اپنے بیٹے مولانا اسجد کے ولیمے میں جارہے تھے کہ یارک انٹرچینج پر قافلے پر حملہ کیا گیا، اس دوران حملہ آوروں کی جانب سے قافلے پر دو اطراف سے فائرنگ کی گئی۔

بنوں میں شائع ہونے والی مزید خبریں