سانحہ بارکھان میں ملوث عناصر کو عبرت کا نشان بنایا جائے ،سول سوسائٹی خاران

جمعرات 23 فروری 2023 23:18

خاران(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 فروری2023ء) بارکھان کے دل سوز واقعہ کے خلاف سول سوسائٹی خاران کے زہر اہتمام احتجاجی ریلی نکالی گئی اور پریس کلب خاران کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا،احتجاجی ریلی میں خاران کے سیاسی سماجی مذہبی رہنماؤں طلباء تنظیموں کے نمائندوں، تاجر برادری وکلاء ، علاقائی عمائدین اور مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد شریک رہے ریلی شرکاء نے پلے کارڈز اٹھائے مختلف شاہراہوں پر گشت کیا۔

پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرے سے سول سوسائٹی، سیاسی مذہبی جماعتوں ،طلباء تنظیموں اور مختلف طبقہ فکر سے تعلق رکھنے والے مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ سانحہ بارکھان ایک انتہائی دل خراش واقعہ ہے خاتون سمیت دیگر افراد کو بے دردی سے قتل کرکے تیزاب پھینکنے اور کنویں میں ڈال کر ظلم کی انتہا کردی گئی ہے تمام طبقہ فکر نے مطالبہ کیا کہ سانحہ بارکھان میں ملوث عناصر کو عبرت کا نشان بنایا جائے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ایک ظالم سردار کی وجہ سے بارکھان کے عوام مرد خواتین اور بچے محفوظ نہیں ہیں وہ سردار ہمیشہ غریب لوگوں کو ظلم کا نشانہ بناتے ہیں ۔مقررین نے کہا کہ بلوچستان میں مردوں کے ساتھ اب خواتین اور بچوں کو ظلم کا نشانہ بنایا جارہا ہے جس کی کسی معاشرے میں کوئی گنجائش نہیں ہے ۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں کسی بھی علاقے میں کوئی ایسا ظلم ہوگا اس کے خلاف خاران کے عوام سول سوسائٹی علاقائی عمائدین، تاجر برادری وکلاء ، سیاسی مذہبی و طلباء تنظیمیں یکجا ہوکر ظلم و ناانصافی کے خلاف آواز بلند کرے گی۔ ریلی شرکاء نے بارکھان کے دل سوز واقعہ میں بے گناہ لوگوں کے قاتلوں کو سخت سے سخت سزا دینے کا مطالبہ کیا۔

بارکھان میں شائع ہونے والی مزید خبریں