ایف سی بلوچستان ونگ 101 کی جانب لیویز ریکروٹس کی چار ہفتوں پر مشتمل تربیت فراہم کی گئی

پیر 25 دسمبر 2023 20:25

بارکھان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 دسمبر2023ء) ایف سی بلوچستان ونگ 101 کی جانب لیویز ریکروٹس کی چار ہفتوں پر مشتمل تربیت فراہم کی گئی۔ایف سی گراؤنڈ میں پاسنگ آؤٹ ہوئی جس میں ڈپٹی کمشنر فلائٹ لیفٹیننٹ ریٹائرڈ بلال شبیر،ونگ کمانڈنٹ عامر بشیر کیانی،ایس پی شاہد گولہ کے علاؤہ علاقائی معتبرین نے شرکت کی اس موقع پر ڈپٹی کمشنر بلال شبیر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میرے لئے باعث فخر و مسرت ہے کہ آج مجھے لیویز فورس بلوچستان کے کامیاب ریکروٹس کی پاسنگ آوٹ پریڈ کی تقریب میں شرکت کا موقع حاصل ہوا۔

ضلع بارکھان سے 68 ریکروٹس آج اپنی تربیت مکمل کر کے لیویز فورس بلوچستان کے دستوں میں شمولیت اختیار کرنے جارہے ہیں۔ یہ بات قابل اطمینان اور لائق تحسین ہے کہ ضلع بارکھان کے پسماندہ علاقوں کے نوجوان بلوچستان لیویز فورس میں شمولیت اختیار کر کے بلوچستان کی ترقی کے ساتھ ساتھ ملک و قوم کے دفاع اور خدمت کا فریضہ احسن طریقے سے انجام دیتے ہوئے قومی دھارے میں شامل ہو رہے ہیں۔

(جاری ہے)

آج کی اس پاسنگ آؤٹ پریڈ اور مختلف فوجی کاروائیوں کا شاندار معیار اور مظاہرہ دیکھ کر مجھے انتہائی خوشی اور اطمینان حاصل ہوا ہے۔ مجھے یقین ہے کہ ریکروٹس کو انتہائی کم مدت میں پیشہ وارانہ تربیت کا اعلیٰ معیار فراہم کیا گیا ہے۔ اس بہترین کارکردگی پر میں 101 ونگ میوند رائفلز اور ایف سی بلوچستان نارتھ کے تمام عہدیداران اور اساتذہ کرام کو دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

میں نہایت مشکور ہوں کہ 101 ونگ بارکھان کے آفیسرز اور اساتذہ نے اپنی عسکری فرائض میں سے وقت نکال کر لیویز فورس کے جوانوں کو ٹر ینگ فراہم کی۔آج کا دن آپ تمام ریکروٹس کی پیشہ وارانہ زندگی میں نہایت اہمیت کا حامل ہے۔ کیونکہ آج آپ کا میابی سے اپنی تربیت مکمل کر کے لیویز فورس بلوچستان کے قابل فخر دستوں میں شامل ہونے جارہے ہیں اور اس کامیابی میں بلاشبہ آپ کی محنت، جذ بہ اور لگن کے ساتھ ساتھ آپ کے والدین کی دعائیں اور آپ کے اساتذہ کی محنت اور رہنمائی بھی شامل ہے۔

میں آپ سب کو اس شاندار کامیابی پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔آخرمیں ڈپٹی کمشنر فلائٹ لیفٹیننٹ ریٹائرڈ بلال شبیر۔ کرنل عامر بشیر کیانی اور ایس پی شاہد گولہ نے بہتر کارکردگی پر لیویز سپاہیوں کو تعارفی سرٹیفکیٹ اور میڈل بھی دیئے۔

متعلقہ عنوان :

بارکھان میں شائع ہونے والی مزید خبریں