عوام کو جدید طبی سہولیات کی فراہمی موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے ، وزیر مال خیبر پختونخوا

پیر 29 جولائی 2019 17:33

بٹ خیلہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 جولائی2019ء) خیبر پختونخوا کے وزیر مال شکیل احمد خان ایڈ وکیٹ نے کہا ہے کہ عوام کو جدید طبی سہولیات کی فراہمی موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے حصول کیلئے بجٹ میں بھی کثیر رقم مختص کی گئی ہے۔ ان خیالات کا ظہار انہوں نے گزشتہ روز ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال بٹ خیلہ کے دورے کے موقع پر کیا۔

صوبائی وزیر نے مردانہ سرجیکل وارڈ میں داخل تمام مریضوں کی فرداًً فرداًً عیادت کی اور ہسپتال انتظامیہ کی جانب سے فراہم کردہ سہولیات اور مفت ادویات کی فراہمی کے بارے میں دریافت کیا ۔اس موقع پر ہسپتال کے ایم ایس ڈاکٹر سعید الرحمان اور ڈی ایم ایس نے صوبائی وزیر کو مریضوں کو دی جانے والی مفت ادویات اور دیگر سہولیات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی جس پر صوبائی وزیر نے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ڈاکٹروں پر زور دیا کہ وہ دکھی انسانیت کی خدمت کے جذبے سے سرشار ہوکر مریضوں کے صحیح معنوں میں علاج معالجے پر توجہ دیں ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر صوبائی وزیر نے انکشاف کیا کہ ڈسڑکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال بٹ خیلہ کی کیٹگری بی سے اپ گریڈ کرکے کیٹگری(A) اے کا درجہ دینے کے لیے وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان اور وزیر صحت نے متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کر دی ہیں جس کی وجہ سے بہت جلد ہسپتال ہذا کو کیٹگری اے کا درجہ دیا جائے گا، اسی طرح ہسپتال کی نئی عمارت پر بھی زور و شور سے تعمیراتی کام جاری ہے جو عنقریب مکمل کیا جائے گا، اس کے علاوہ ہسپتال کے سولرائزیشن ،کیجولٹی کی حالت بہتر بنانے پر بھی کام جاری ہے ۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال بٹ خیلہ کو تمام جدیدطبی آلات اور مشینری سے لیس کیا جائے گا جس سے یہاں کے عوام کو علاج معالجے کی جدید سہولیات ان کی دہلیز پر فراہم ہوں گی ۔

بٹ خیلہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں