خیبر پختونخوا حکومت صوبہ کے پسماندہ اضلاع میں تعلیمی بہتری کیلئے کوشاں ہے، اساتذہ کی کمی جلد دور کر دیں گے

ڈائریکٹر ایجوکیشن ڈاکٹر حافظ محمد ابراہیم کی دورہ بٹگرام کے موقع پر محکمہ تعلیم کے افسران اور اساتذہ سے بات چیت

ہفتہ 26 جنوری 2019 14:25

بٹگرام (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 جنوری2019ء) ڈائریکٹر ایجوکیشن خیبر پختونخوا ڈاکٹر حافظ محمد ابراہیم نے کہا ہے کہ موجودہ خیبر پختونخوا حکومت صوبہ کے پسماندہ اضلاع میں تعلیمی بہتری کیلئے کوشاں ہے، نئے تعلیمی سا ل کے آغاز سے قبل سرکاری سکولوں میں اساتذہ کی کمی اور دیگر ضروریات کو پورا کرنے کے ساتھ ساتھ اساتذہ کی ترقیوں کے حوالہ سے ڈیپارٹمنٹل پروموشنز کا مرحلہ بھی جنوری کے اختتام تک مکمل کیا جائے گا، سیکرٹری تعلیم کے جاری کردہ گائیڈنس کی روشنی میں صوبہ بھر کے تمام ڈی ای اوز مردانہ و زنانہ کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔

وہ گزشتہ روز بٹگرام کے دورہ کے موقع پر گورنمنٹ سینیٹینئل ماڈل ہائی سکول بٹگرام میں محکمہ تعلیم کے افسران اور اساتذہ یونین کے ذمہ داران سے بات چیت کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہ اساتذہ کے جائز مطالبات کو فوری طور پر حل کیا جائے گا اور وہ بطور سفیر صوبہ کے جملہ کیڈرز اساتذہ کیلئے ہر فورم پر کردار ادا کریں گے، ہم آل پرائمری ٹیچرز ایسوسی ایشن خیبر پختونخوا (آپٹا) کے کردار کو سراہتے ہیں، آپٹا قائدین نے ہر موقع پر پرائمری اساتذہ کے حقوق کے ساتھ ساتھ دیگر کیڈرز کیلئے بھی آواز اٹھائی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بہت جلد پرائمری اساتذہ کو خوشخبری سنائیں گے جس میں تمام کیڈرز کو ان کی خواہش کے مطابق مراعات دی جائیں گی۔ اس موقع پر انہوں نے جی پی ایس تھاکوٹ، جی ایچ ایس تھاکوٹ اور جی جی ایم ایس تھاکوٹ کا دورہ کیا اور اساتذہ کی کارکردگی اور سکولز کے تعلیمی ماحول پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ڈی ای او ایجوکیشن محمد شوکت، ایس ڈی او شرافت خان اور اے ایس ڈی او سرکل تھاکوٹ ذبیح الله کو بہترین ایڈمنسٹریشن پر مبارکباد دی۔

دریں اثناء آپٹا بٹگرام کے ضلعی صدر ہاشم خان اور جنرل سیکرٹری جاوید اقبال پشوڑہ نے ڈائریکٹر ایجوکیشن ڈاکٹر حافظ ابراہیم کو بٹگرام کا دورہ کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ حافظ ابراہیم پرائمری اساتذہ کے مسائل کو حل کرنے کیلئے اقدامات اٹھائیں گے۔

متعلقہ عنوان :

بٹگرام میں شائع ہونے والی مزید خبریں