تاجر اور صنعت کار طبقہ ملک کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں، زبیر طفیل

طبقے کے ساتھ ٹیکس کے حوالے سے حکومتی رویہ مناسب اور شائشتہ ہونا چاہیے ، صدر فیڈریشن آف چیمبر آف پاکستان

اتوار 9 اپریل 2017 17:40

چکوال(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 اپریل2017ء) فیڈریشن آف چیمبر آف پاکستان کے صدر زبیر طفیل نے کہا ہے کہ تاجر اور صنعت کار طبقہ ملک کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں، لہٰذا اس طبقے کے ساتھ ٹیکس کے حوالے سے حکومتی رویہ مناسب اور شائشتہ ہونا چاہیے کیونکہ ملک کی موجودہ معیشت میں تاجر اور صنعت کار ہی ٹیکس کی صورت میں حکومت کی معاونت کر رہے ہیں۔

وہ چکوال چیمبر آف کامرس اور پاکستان ٹورازم کارپوریشن کے زیر اہتمام ماڈل ضلع چکوال سیاحتی پیکج اور چکوال میں صنعتی زون کے حوالے سے منعقد سیمینار میں خطاب کر رہے تھے۔ سیمینار کی صدارت پاکستان ٹورازم کارپوریشن کے ایم ڈی چوہدری عبدالغفور نے کی۔ جبکہ اس موقع پر سینئر نائب صدر عامر عطاء باجوا ، نائب صدر پنجاب منظور ملک، سینٹر الیاس بلور اور سارک تنظیم چیمبرز کے نائب صدر افتخار ملک، چیمبر فیڈریشن کے نائب صدر ظفر بختاوری کے علاوہ اسلام آباد ، راولپنڈی، جہلم، گجرات، لاہور، سرگودھا، کراچی، وہاڑی، رحیم یار خان، ملتان، فیصل آباد، مردان اور چیمبر آف KPKکے صدر نے بھی سیمینار میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر تعمیرات ملک تنویر اسلم سیتھی ، چیئرمین ضلع کونسل چکوال ملک طارق اسلم ڈھلی، چیف وارڈن سول ڈیفنس، راجہ مجاہد افسر، چیئرمین چکوال پریس کلب خواجہ بابر سلیم محمود، ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر عمر جہانگیر، ڈی پی او محمد ہارون جوئیہ اور مقامی صنعت کاروں اور تاجروں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ سیمینار کا انعقاد پنجاب مائننگ سکول کٹاس میں منعقد ہوا۔

خطبہ استقبالیہ چکوال چیمبر آف کامرس کے بانی قاضی محمد اکبر نے پیش کرتے ہوئے بتایا کہ نیلہ انٹر چینج کی منظوری میں چکوال چیمبر آف کامرس کا بنیادی کردار ہے اور اب نیلہ انٹر چینج پر صنعتی زون کے قیام کا ڈائریکٹو وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے جاری کر رکھا ہے جس پر فوری عمل درآمد کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیلہ صنعتی زون پر اسلام آباد اور قرب و جوار کے صنعت کار بڑی دلچسپی لے رہے ہیں اور سی پیک منصوبے کے اثرات یقینا ضلع چکوال کی پسماندگی دور کرنے کیلئے اس طرف موڑے جائیں۔

پراجیکٹ ڈائریکٹر سیاحتی پیکج ڈاکٹر اظہار خان نے بتایا کہ وزیراعظم کا سیاحتی پیکج پرائیویٹ اور پبلک پاٹنر شپ کے ذریعے عمل درآمد کرایا جائے گا اور اس پیکج میں چالیس ارب روپے کی سرمایہ کاری متوقع ہے جس سے ضلع چکوال کا ایک بھرپور اور تاریخی امیچ ابھر کر سامنے آئے گا۔ تقریب میں چکوال چیمبر آف کامرس کے صدر خرم کامران، سینئر نائب صدر غلام محمد کہوٹ، چوہدری محمدیٰسین، ملک غلام مرتضیٰ، ملک حفیظ انجم، سابق صدر خواجہ عارف یوسف، حاجی نور سلطان، ملک بلال مرتضیٰ، عامر نجیب بھٹہ اور دیگر نے اس موقع پر شاندار انتظامات کر رکھے تھے۔

متعلقہ عنوان :

چکوال میں شائع ہونے والی مزید خبریں