تعمیراتی محکمے سماجی ترقی کے منصوبوں کی مقررہ مدت میں معیاری تکمیل یقینی بنائیں، راجہ یاسر ہمایوں

ہفتہ 25 ستمبر 2021 22:00

چکوال۔25ستمبر  (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 25 ستمبر2021ء) :وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے بے مثال ترقیاتی ویژن کی بدولت صوبہ بھر میں تاریخ کا سب سے بڑا اور وسیع البنیاد ترقیاتی پروگرام جاری ہے جس سے چکوال سمیت صوبہ کے تمام اضلاع بہت جلد ترقی کی معراج حاصل کر لیں گے۔ یہ بات پنجاب کے وزیرِ ہائر ایجوکیشن و انفارمیشن ٹیکنالوجی راجہ یاسر ہمایوں سرفراز نے ڈسٹرکٹ کوارڈی نیشن کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔

اس موقع پر ایم این اے سردار ذوالفقار علی خان دلہہ اور اے ڈی سی جی اشعر اقبال بھی موجود تھے۔ اجلاس میں ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ فضل شیر نے ضلع میں رواں مالی سال کے لئے حکومتِ پنجاب کے ترقیاتی پروگرام کے جاری منصوبوں پر عملدرآمد اورمختلف شعبوں کے مکمل شدہ ترقیاتی  منصوبہ جات کے بارے میں بریفنگ دی جبکہ میگا پراجیکٹس پر اب تک کئے گئے عملدرآمد کی تفصیلات سے بھی صوبائی وزیر کو آگاہ کیا گیا۔

(جاری ہے)

  اجلاس میں راجہ عثمان ہارون ، پیر وقار حسین کرولی ، راجہ طارق افضل ،  عدنان رضا ، حاجی عمر حبیب اور پارلیمنٹیرینز کے دیگر نمائندگان اور تعمیراتی محکموں کے افسران نے بھی شرکت کی۔ صوبائی وزیر  راجہ یاسر ہمایوں سرفراز نے کہا کہ وزیر اعلیٰ سردار عثمان بزدار کی پر عزم قیادت میں حکومت پنجاب ہر سطح پر وسیع البنیاد ترقیاتی عمل کی تکمیل کے لئے فراخدلانہ وسائل صرف کر رہی ہے جن کے حسب منشا ثمرات عوام تک پہنچانا تعمیراتی محکموں کی اولین ذمہ داری ہے اور اس ذمہ داری کا مکمل ادراک کرتے ہوئے ضلع میں تمام تعمیراتی محکمے سماجی ترقی کے منصوبوں کی مقررہ مدت میں معیاری تکمیل یقینی بنائیں۔

انہوں نے تعمیراتی محکموں کے افسران کو ہدایت کہ متعلقہ دائرہ کار میں زیر عمل میگا پراجیکٹس اور سالانہ ترقیاتی پروگرام کے دیگر منصوبہ جات کی موقع پر مانیٹرنگ کر کے معیار و رفتار پر کڑی نظر رکھی جائے ۔ انہوں نے تعمیراتی محکموں کے افسران کو تاکید کی کہ مکمل کی جانے والی ترقیاتی سکیموں کو قواعد و ضوابط کے مطابق فنکشنل کر کے عوام کو مطلوبہ فوائد و ثمرات اور سہولیات کی فراہمی بلا تاخیر یقینی بنائی جائے۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے افسران کو ہدایت کی کہ متعلقہ دائرہ کار کی ترقیاتی سکیموں کی تعمیرو تکمیل ڈسٹرکٹ کوارڈی نیشن کمیٹی کی گائیڈ لائن کے مطابق مقررہ ٹائم لائن میں یقینی بنائی جائے۔ اجلاس سے ایم این اے سردار ذوالفقار علی خان دلہہ اور اے ڈی سی جی اشعر اقبال نے بھی خطاب کیا اور اس امر پر زور دیا کہ ترقیاتی سکیموں پر معیاری اور مقررہ ترجیحات کے مطابق عملدرآمد کے ضمن میں تعمیراتی و انتظامی محکموں کے افسران آپس میں قریبی رابطہ استوار رکھیں  تاکہ ترقیاتی عمل کسی مرحلہ پر تاخیر کا شکار نہ ہو۔

چکوال میں شائع ہونے والی مزید خبریں