ڈپٹی کمشنر ساہیوال کا انتخابی امیدواروں کی طرف سے ریلیاں نکالنے اور متعین کردہ سائزسے بڑی فلیکس لگانے کا نوٹس

جمعہ 20 جولائی 2018 17:15

چیچہ وطنی۔20جولائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جولائی2018ء) ڈپٹی کمشنر ساہیوال محمد زمان وٹو نے انتخابی امیدواروں کی طرف سے ریلیاں نکالنے اور متعین کردہ سائزسے بڑی فلیکس لگانے کا سخت نوٹس لیا ہے اور ان خلاف ورزیوں کیخلاف سخت ایکشن لینے کے ساتھ ایسے پرنٹنگ پریسز کیخلاف بھی کارروائی کی ہدایت کی ہے جو سائز سے بڑی فلیکسز پرنٹ کر رہے ہیں ، انہو ں نے یہ ہدایات الیکشن کمیشن کی طرف سے تعینات کئے گئے مانیٹرنگ افسران کی رپورٹ پر جاری کیں، جنہوں نے ضلع ساہیوال کے مختلف قومی وصوبائی حلقوں کے امیدواروں کی طرف سے ریلیاں نکالنے اور سائز سے بڑی فلیکسز آویزاں کرنے کی شکایات کی ہیں ، انہو ں نے حلقہ پی پی 198کے امیدوار چوہدری آصف علی کی طرف سے ریلی نکالنے کا بھی نوٹس لیا جبکہ حلقہ پی پی 198کے ہی چک نمبر138/9-Lظفر آباد چوک ، حلقہ این اے 149چک نمبر 12/11-L، چک نمبر 173/9-Lمیں وال چاکنگ اور سائز سے بڑے بینرز اور چک نمبر21/14-Lچیچہ وطنی میں پرائمری سکول کی عمارت پر بینرز آویزاں کرنے والوں کیخلاف کارروائی کرنے اور انہیں فوری دور کرنے کا حکم دیا ، انہو ںنے مانیٹرنگ افسران کو ہدایت کی کہ وہ روزانہ کی بنیاد پر خلاف ورزیوں کی رپورٹ جمع کروائیں تا کہ ضابطہ اخلاق کی مکمل پاسداری کو یقینی بنایا جا سکے۔

چیچہ وطنی میں شائع ہونے والی مزید خبریں