مختلف علاقوں میں ایک روز کے دوران مزید 766 جانوروں میں لمپی اسکن بیماری کی تشخیص ہوئی ہے،سیکرٹری لائیو اسٹاک سندھ

پیر 14 مارچ 2022 16:43

دادو(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 مارچ2022ء) سیکرٹری لائیو اسٹاک سندھ تمیز الدین کھیرو نے کہاہے کہ صوبے کے مختلف علاقوں میں ایک روز کے دوران مزید 766 جانوروں میں لمپی اسکن بیماری کی تشخیص ہوئی ہے۔متاثرہ جانورں کی کل تعداد 24 ہزار 948 تک پہنچ چکی ہے جن میں سے 8 ہزار 491 جانور صحت یاب اور 16 ہزار 295 زیر علاج جبکہ 162 جانوروں کی اموات ہوچکی ہیں۔

انہوں نے بتایاکہ صوبے میں جانوروں میں لمپی اسکن بیماری کے کیس کراچی، ٹھٹھہ، سجاول، بدین، حیدرآباد، ٹنڈو محمد خان، تھرپارکر، عمر کوٹ، میرپور خاص، سانگھڑ، ٹنڈو اللہ یار، مٹیاری، شہید بینظیرآباد، نوشہرو فیروز، گھوٹکی، خیرپور، شکار پور، جیکب آباد، کشمور، قمبر شہداد کوٹ، لاڑکانہ، دادو، جامشورو، تھانہ بھولا خان، کچو اور جوہی میں سامنے آئے ہیں۔

(جاری ہے)

یہ بیماری صرف گائیوں میں سامنے آئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ دودھ اور گوشت انسانی استعمال کے لیے محفوظ ہے اس وجہ سے انسانوں کو اس بیماری سے کوئی خطرہ نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ متاثرہ گائیوں کے وزن اور دودھ میں کمی کی شکایات سامنے آئی ہیں۔سیکریٹری لائیو اسٹاک سندھ نے کہاکہ چونکہ یہ بیماری نئی تھی اور اس کی کوئی دوا یا ویکسین دستیاب نہیں تھی اس وجہ سے ویٹنری ڈاکٹروں نے جانوروں کو مختلف طرح کی ایٹنی بائیوٹکس، اینٹی انفلیمیٹری ادویات اور وٹامن کے انجکشن تجویز کیے۔

تمیز الدین کھیرو نے مویشی مالکان کو تجویز دی ہے کہ وہ متاثرہ جانوروں کو صحت مند جانوروں سے دور رکھیں، باڑوں کو صاف رکھیں، جانوروں کو مچھروں اور کیڑوں سے محفوظ رکھیں، مچھر دانیوں کا استعمال کریں اور جانوروں، باڑوں اور اطراف میں تواتر کے ساتھ کیڑوں سے محفوظ رکھنے والا اسپرے کریں۔انہوں نے کہا کہ یہ بیماری ابتدائی طور پر افریقہ میں سامنے آئی تھی، بعد ازاں یہ مشرق وسطی، ایشیا اور مشرقی یورپ میں بھی دیکھی گئی۔

حالیہ سالوں میں ایران، بھارت اور خطے کے دیگر ممالک میں بھی اس بیماری نے سر اٹھایا۔انہوں نے کہاکہ یہ بیماری خون چوسنے والے کیڑوں جیسا کہ کچھ خاص قسم کی مکھیوں، مچھروں اور چچڑ سے پھیلتی ہے۔ اس کی علامات میں بخار اور جلد پر گلٹیاں نمودار ہونا ہیں جو کہ موت کا باعث بھی بن سکتی ہیں۔ تاہم اس بیماری میں شرح اموات 5 فیصد سے کم ہے۔

دادو میں شائع ہونے والی مزید خبریں