غازی یونیورسٹی میں انٹرنشپ کاٹن کراپ مینجمنٹ مہم کا آغاز

اتوار 18 جون 2023 17:10

ڈیرہ غازی خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جون2023ء) محکمہ زراعت حکومت پنجاب کے تعاون سے غازی یونیورسٹی ڈیرہ غازی خان میں انٹرنشپ کاٹن کراپ مینجمنٹ 2023 مہم کا آغاز کیا گیا ہے۔ مہم میں مختلف یونیورسٹیز میں تعلیمی دورانیہ کے آخری سال کے طلباء و طالبات کو تین ماہ کی انٹرنشپ کے لیے منتخب کیا گیا ہے اور انہیں پہلے مرحلہ میں تربیت اور اگلے مرحلہ میں تربیت یافتہ سٹوڈنٹس فیلڈ میں عملی طور پر کسانوں کے آگاہی فراہم کریں گے۔

اس حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر غازی یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمد کامران نے کہا کہ ہمارے طالب علم پنجاب حکومت کی زیادہ کپاس اگاؤ مہم میں شانہ بشانہ ہیں اور یونیورسٹی سے صدر شعبہ اگرانومی ڈاکٹر جاوید اقبال کو آگاہی مہم کا فوکل پرسن مقرر کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی سے ڈاکٹر ثناء اللہ یاسین ، ڈاکٹر احمد کامران اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر پیسٹ اینڈ کوالٹی کنٹرول ڈی جی خان محمدسلمان طلباء و طالبات کو تربیت فراہم کر رہے ہیں اور تربیت حاصل کرنے کے بعد یہ طلباء و طالبات اپنی اپنی یونین کونسل جائیں گے جہاں ان کو 2ہزار کسان فی طالب علم تربیت دینے کا ٹاسک دیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ہر سٹوڈنٹ تین ماہ کی انٹرنشپ کے دوران ان کسانوں کو کپاس کی فصل کی نگہداشت اور کیڑوں سے بچاو کی آگاہی فراہم کرے گا اور جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے اس سارے پروگرام کو مانیٹر کیا جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت پنجاب محکمہ زراعت کا یہ ٹارگٹ ہے کہ پورے کاٹن زون میں ہر کاشتکارتک اس مہم کے دروان کپاس کی فصل کی حفاظت بارے آگاہی فراہم کی جائے گی، جس سے کپاس کی پیداوار میں اضافہ ہوگا۔

ڈیرہ غازی خان میں شائع ہونے والی مزید خبریں