ڈپٹی کمشنر کا ڈیرہ غازی خان کے مختلف علاقوں میں کپاس کی فصل کا معائنہ

منگل 1 اگست 2023 19:26

ڈیرہ غازی خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 اگست2023ء) ڈپٹی کمشنر مہر شاہد زمان لک نے ایڈیشنل سیکرٹری زراعت ٹاسک فورس شبیر احمد خان کے ہمراہ ڈیرہ غازی خان اور تحصیل کوٹ چھٹہ کا دورہ کیا۔انہوں نے عالی والا،سلیم آباد،غوث آباد میں موقع پر کپاس کھیتوں کا معائنہ اور فلڈ متاثر علاقوں کا جائزہ بھی لیا۔اسسٹنٹ کمشنر کوٹ چھٹہ زاہد اقبال،ڈائریکٹر ایگری کلچر مہر عابدحسین،ڈپٹی ڈائریکٹرز الیاس رضا کلاچی،غلام محمد،کلیم کوریہ،سلمان شاہ ان کے ہمراہ تھے۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے کہاکہ حکومت پنجاب کپاس کی بہتر پیداوار حصول کیلئے کوشاں ہے اس کی اچھی پیداوار سے ملکی معیشت کو سہارا ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی اقدامات کی بدولت ضلع ڈیرہ غازی خان میں کپاس کی پیداوار تسلی بخش ہے اور کپاس کی نئی فصل کا اچھا معاوضہ کسانوں کا حق ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کپاس کا حکومتی ریٹ 8500 روپے فی من ہے اور کسان کم قیمت پر اسے فروخت نہ کریں،کپاس کو کیڑوں سے بچاؤ اور مناسب زرعی ادویات بارے معلومات فراہمی کیساتھ اسے نقصان سے بچانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کاشتکاروں کی سہولت کیلئے کسان بازاروں میں معیاری زرعی ادویات کی دستیابی کو یقینی بنایا گیا ہے۔ایڈیشنل سیکرٹری شبیر احمد خان نے اس موقع پرکہا کہ کسانوں کی رہنمائی، معیاری زرعی ادویات کے استعمال بارے زراعت افسران فیلڈ میں موجود ہیں اور کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں محکمہ زراعت حکومت پنجاب سے براہ راست رابطہ کیا جاسکتا ہے۔

ڈیرہ غازی خان میں شائع ہونے والی مزید خبریں