الیکشن کمیشن کے قواعد کی پاسداری کرتے ہوئے منصوبوں پر پیشرفت کی جائے‘ کمشنر

ہفتہ 14 جولائی 2018 23:06

ڈی جی خان ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 جولائی2018ء) کمشنر ڈیر ہ غازیخان ڈویژن رانا گلزار احمد نے کہا ہے کہ چاروں اضلاع میں پہلے سے جاری ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کیلئے ٹھیکیداروں کو متحرک کیاجائے‘ الیکشن کمیشن کے قواعدو ضوابط کی پاسداری کرتے ہوئے منصوبوں پر پیشرفت کی جائے ․ انہوںنے یہ بات ا س سلسلے میں منعقدہ جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔

کمشنر نے ڈویژن بھر کے مراکز صحت میں پانچ سال کے دوران خریدے گئے آلات اور مشینری کی تفصیلات اور موجودہ ورکنگ صورتحال کے بارے میں رپورٹ تیار کرنے کی ہدایت کی ․ انہوں نے کہاکہ آلات کی انسپکشن کیلئے خصوصی ٹیم تشکیل دی جائے گی۔

(جاری ہے)

کمشنر نے کہاکہ ترقیاتی منصوبوں کو متعلقہ محکمے کے حوالے کرنے تک باقاعدہ انسپکشن کا سلسلہ جاری رکھا جائے کیونکہ ہینڈ اوور ہونے تک عمارتیں اوردیگر سکیمیں باقاعدہ دیکھ بھال نہ ہونے سے ناکارہ ہو جاتی ہیں ․ کمشنر نے کہاکہ عوام کی مشکلات کو دیکھتے ہوئے صرف اتنی ہی کھدائی کی جائے جتنی بروقت مکمل ہو سکے کیونکہ سڑکوں اور گلیوں کو اکھاڑنے سے مسائل جنم لیتے ہیں ․ انہوںنے کہاکہ ترقیاتی منصوبوں میں مٹیریل کے معیار پر سمجھوتہ نہیں کیاجائے گا ․ اجلاس میں بتایاگیاکہ صوبائی سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت چاروں اضلاع میں بلڈنگز اور پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کے 555منصوبوں کیلئے ساڑھے اٹھائیس ارب روپے سے ز ائد رقم مختص کی گئی․ پی ایچ اے کے مالی سال 2018-19کے تحت 277منصوبوں میں سے 156مکمل کرلیے گئے ہیں ․ اسی طرح محکمہ بلڈنگز کی90پرانی اور 72نئی سکیموں کیلئے 12ارب 82کروڑ روپے مختص کیے گئے ․ فنڈز کے اجراء سے ترقیاتی منصوبوں پر کام بحال ہو سکے گا ․ تاہم ٹھیکیدار وں کو کام کیلئے متحرک کیا جارہا ہے ․ اجلاس میں ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ و فنانس ملک محمد رفیق ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر پلاننگ وسیم اختر جتوئی ، سپرنٹنڈنگ انجینئرز حافظ جاوید ،ملک محمد نواز ، ڈی بی اے شہزاد قدیر سمیت دیگر افسران موجود تھے۔

ڈیرہ غازی خان میں شائع ہونے والی مزید خبریں