ڈیرہ اسماعیل خان میں کرشنگ سیزن شروع کرنے کا اعلان کردیاگیا

جمعہ 22 نومبر 2019 17:01

ڈیرہ اسماعیل خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 نومبر2019ء)ڈیرہ اسماعیل خان میں کرشنگ سیزن شروع کرنے کا اعلان کردیاگیا۔ کمشنر ڈیرہ جاوید خان مروت کی نگرانی میں ڈیرہ اسماعیل خان میںگنے کی کرشنگ سیزن کے آغاز کے سلسلے میں ڈپٹی کمشنر ڈیرہ محمد عمیر کی موجودگی میں مقامی شوگر ملوں کی انتظامیہ نے 28نومبر2019ء کو میرن شوگر ملز، 29نومبر2019ء کو چشمہ شوگر ملزون اور ٹو جبکہ المعز شوگر ملز کو 30نومبر2019ء سے چالو کرنے کا اعلان کردیا۔

اس سلسلے میں منعقدہ اجلاس میں المعز شوگر ملز کے ریذیڈنٹ ڈائریکٹر محمد بلال بھٹی، جی ایم ایگریکلچر رانا سجاد حسین، چشمہ شوگر ملز ون کے جی ایم مرزا ندیم، جی ایم کین ملک شیر محمد، چشمہ شوگر ملز ٹو کے جی ایم محمد جاوید، ڈی جی ایم کین خلیل احمد، میرن شوگرملز کے جی ایم کرنل (ر) ولایت اور جی ایم کین چوہدری سعید کے علاوہ ایوان زراعت کے نمائندوں صدر ملک عبدالرشید دھپ، اصغر کنڈی اور ملک اقبال کھر نے بھی شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں شوگرملز انتظامیہ کے نمائندوں نے ضلعی انتظامیہ اور ایوان زراعت کے نمائندوں کو یقین دہانی کرائی کہ حکومت کی جانب سے مقرر کردہ گنے کے سرکاری ریٹ کے مطابق کاشتکاروں کو گنے کی ادائیگی کی جائے گی، مقامی کاشتکار اپنے گنے کی کٹائی کے عمل کیلئے تیار رہیں۔ اجلاس میں کرشنگ سیزن کے دوران انڈنٹ کی فراہمی اور کاشتکاروں کو گنے کی ادائیگی کیلئے مڈل میں کے کردار کو ختم کرنے پر اتفاق کیا گیا، نجی کنڈوں کو ختم کردیا گیا ہے اور اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر ڈیرہ محمد عمیر نے دفعہ144کا نفاذ بھی کردیا ہے جس کا مقصد مقامی کاشتکاروں کو گنے کے قیمت کی پوری ادائیگی کرنا ہے تاکہ اس کا فائدہ براہ راست کاشتکاروں کو پہنچ سکے۔

اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر ڈیرہ کیپٹن عون حیدر گوندل نے بھی شرکت کی۔

ڈیرہ اسماعیل خان میں شائع ہونے والی مزید خبریں