بسنت پرعائد پابندی کے باوجود ڈیرہ شہر ومضافاتی علاقوں میں پتنگ بازی کا سلسلہ عروج پر

پیر 24 فروری 2020 18:28

ڈیرہ اسماعیل خان۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 فروری2020ء) بسنت پر عائد پابندی کے باوجود ڈیرہ شہر ومضافاتی علاقوں میں پتنگ بازی کا سلسلہ عروج پر،آسمان پر سینکڑوں پتنگیں قانون نافذ کرنے والے اداروں کا منہ چڑھا رہی ہیں قانون نافذ کرنے والے ادارے بے بس تماشائی ،شہری سراپا احتجاج ،شہری حلقوں کاڈی پی او ڈیرہ سے نوٹس لینے کامطالبہ ۔

تفصیلات کے مطابق ڈیرہ شہر سمیت مضافاتی علاقوں میں پتنگ بازی پر پابندی کے باوجود پتنگ بازیوں کا سلسلہ عروج پر پہنچ چکا ہے ،پولیس کی غفلت کے باعث پتنگ فروشوں اور پتنگ بازوں نے اندرون شہر سمیت مضافاتی علاقوں میں پتنگ بازی وپتنگ فروشی شروع کررکھی ہے۔چند روز قبل پتنگ بازی کے شوق میں مکان کی چھت سے گرنے کے باعث دس سالہ بچے کی موت واقع ہوگئی۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق رواں ماہ قاتل ڈور سے مختلف مقامات پر متعدد افراد زخمی ہوگئے ،اس وقت مختلف تھانوں کی حدود میں پتنگ بازی عروج پر ہے ،دوسری جانب حکومت نے بسنت منانے پر سختی سے پابندی عائد کررکھی ہے جس کے باوجود پتنگ بازی کا سلسلہ جاری ہے۔شہریوں نے آئی جی خیبر پختونخوا اور ڈی پی او ڈیرہ سے مطالبہ کیاہے کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو پتنگ فروخت کرنے پر عائد پابندی پر سختی سے عمل درآمد کروایا جائے تاکہ شہریوں سمیت نوجوان نسل کی زندگیاں محفوظ رہ سکیں۔

ڈیرہ اسماعیل خان میں شائع ہونے والی مزید خبریں