بہاولنگر کو ترقی کی شاہراہ پر گامزن کرنے کے تمام تر وسائل بروئے لائے جارہے ہیں ، کمشنر بہاولپور ڈویژن

ہفتہ 5 دسمبر 2020 15:20

ڈونگہ بونگہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 دسمبر2020ء) کمشنر بہاول پور ڈویڑن کیپٹن (ر)ظفر اقبال نے کہا کہ ضلع بہاول نگر کو ترقی کی شاہراہ پر گامزن کرنے کے تمام تر وسائل بروئے لائے جارہے ہیں اور اس ضلع کی ڈویلپمنٹ پر وزیر اعلی پنجاب کا مکمل فوکس ہے۔ یہ بات انہوں آج دورہ بہاول نگر میں مختلف ترقیاتی پراجیکٹس کے معائنہ کے دوران کہی۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر محمد شعیب خان جدون بھی انکے ہمراہ تھے۔ کمشنر بہاول پور ظفر اقبال نے اپنے دورے میں پہلے حیدر سٹیڈیم بہاول نگر میں ترقیاتی کاموں کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر سپورٹس آفیسر عظمی بشیر نے بتایا کہ سیون سائیڈ آسٹرٹرف ہاکی سٹیڈیم جس کو سات کروڑ پچیس لاکھ کی لاگت سے مکمل کیا جارہا ہے اور اس پر چار کروڑ 76 لاکھ خرچ ہو چکے ہیں اور 84 فیصد کام مکمل کرلیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

کمشنر ظفر اقبال اور ڈپٹی کمشنر شعیب جدون نے حیدر سٹیڈیم میں کلین اینڈ گرین مہم کے تحت پودا بھی لگایا۔ بعدازاں کمشنر بہاول پور ظفر اقبال نے بہاول نگر میڈیکل کالج کا دورہ کیا اور تعمیراتی کام کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر بتایا گیا کہ بہاول نگر میڈیکل کالج کا تخمینہ ایک ارب 80کروڑ کا میگا پراجیکٹ ہے جس پر پچاس کروڑ خرچ ہو گئے ہیں۔ کمشنر بہاول پور کو بہاول نگر کے دیگر ترقیاتی منصوبوں پر ایکسین ہائی ویز شہزاد ہاشم نے بتایا کہ شہر میں دورویہ سڑکوں کی تعمیر کے منصوبے پر لاگت کا تخمینہ 65 کروڑ ہے جس میں سے 49 کروڑ خرچ ہوچکے ہیں اس موقع پر بتایا گیا کہ نئے منصوبوں میں عارف والہ ، منچن آباد ، ہارون آباد روڈز کا ضلعی ہیڈ کوارٹر پر بائی پاس جو کہ اس شہر کا رنگ روڈ مکمل کر دے گا اس میگا پراجیکٹ کا تخمینہ 2ارب 20 کروڑ ہے جو کہ شہر کی ترقی کا سنگ میل ثابت ہوگا اور اس منصوبے کی فزیبلیٹی مکمل کرکے ساؤتھ پنجاب کو 31دسمبر تک ارسال کردیا جائے گا۔

بریفنگ کے دوران عوامی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے بہاول نگر شہر کی تمام سڑکات کو دورویہ کرنے کی فزیبیلیٹی رپورٹ بھی پیش کی تاکہ ٹریفک کا بہاؤ بہتر ہوسکے اور عوام کو بہترین سہولیات میسر آسکیں۔ یہ منصوبہ ایک ارب پچیس کروڑ کا ہے اور اس میں بہاولی چوک پر فلائی اوور بھی شامل ہے۔ اور آئندہ سال فنڈز کی دستیابی پر یہ منصوبہ بھی شروع کیے جانے کی امید ہے۔ اس موقع پر ایکسین ندیم پبلک ہیلتھ ندیم گجر نے بتایا کہ بہاول نگر سیوریج سکیم 39 کروڑ سے مکمل کی جارہی ہے جس میں سے 25 کروڑ خرچ ہوچکے ہیں۔ کمشنر ظفر اقبال نے کہا کہ ان منصوبوں کی وہ خود مانیٹرنگ کریں گے اور بہترین معیار کے مطابق منصوبوں کو پایہ تکمیل کو پہنچایا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :

ڈونگہ بونگہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں