اسلاموفوبیا سے مقابلے کا عالمی دن ( کل )منایا جائے گا

منگل 14 مارچ 2023 16:53

ڈونگہ بونگہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 مارچ2023ء) اسلاموفوبیا سے مقابلے کا عالمی دن کل 15مارچ بروز بدھ کو منایا جائے گا۔اسلامو فوبیا مسلمانوں سے خوف، تعصب اور نفرت ہے جو آن لائن اور آف لائن دونوں دنیا میں مسلمانوں اور غیر مسلموں کو دھمکیاں، ایذا رسانی، بدسلوکی، اکسانے اور ڈرانے کے ذریعے اشتعال، دشمنی اور عدم برداشت کی طرف لے جاتا ہے۔

ادارہ جاتی، نظریاتی، سیاسی اور مذہبی دشمنی سے متاثر ہو کر جو ساختی اور ثقافتی نسل پرستی میں تبدیل ہو جاتی ہے، یہ مسلمان ہونے کی علامتوں اور نشانیوں کو نشانہ بناتی ہے۔اسلاموفوبیا سے متعلق پاکستان کی تیارکردہ تاریخی قرارداد کی منظوری 2020 میں اوآئی سی نے متفقہ طور پر دیتے ہوئے ہر سال پندرہ مارچ کو اسلاموفوبیا سے مقابلے کا عالمی دن کے طورپر منسوب کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

(جاری ہے)

قرارداد میں تشویش کا اظہار کیا گیا تھا کہ اسلاموفوبیا موجودہ دور میں نسلی تعصب اور مذہبی امتیاز کی شکل ہے جس میں اضافہ ہورہا ہے۔قرارداد میں قرآن کریم کی بے حرمتی اور نبی مکرمﷺ کے گستاخانہ خاکوں کی دوبارہ اشاعت جیسے حالیہ واقعات پر بھی گہری تشویش کا اظہارکیا گیا تھا جن سے دنیا بھر کے 1.8 ارب مسلمانوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچی۔جس کے بعد نیویارک میں اوآئی سی کے مستقل مشن کو اجازت دی گئی کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں ایک متفقہ قرارداد پیش کی جائے جس میں یہ دن منانے کا مطالبہ کیاجائے۔

قرارداد میں اوآئی سی کی رکن ریاستوں پر زور دیا گیا کہ نمایاں اور بڑی تقاریب اور سرگرمیوں کا اہتمام کیاجائے تاکہ اسلاموفوبیا اور مسلمانوں سے نفرت کے تدارک کے ضمن میں تمام سطحوں پر آگاہی بڑھائی جاسکے۔قرارداد میں اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل سے مطالبہ کیاگیا تھا کہ عالمی ڈائیلاگ کا آغاز کریں تاکہ بڑھتے ہوئے اسلاموفوبیا کا تدارک ہو اور بین المذاہب ہم آہنگی فروغ پائے۔جس کے نتیجہ میں اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی نے 2022 میں اتفاق رائے سے ایک قرارداد منظور کی کہ ہر سال 15 مارچ کو اسلامو فوبیا سے نمٹنے کا عالمی دن منایا جائے گا۔

ڈونگہ بونگہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں