ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن بہاولنگر وکلاء کی جانب سے دوسرے روز بھی پولیس اور عدلیہ کے خلاف ہڑتال

کوئی بھی وکیل کسی کسی عدالت میں پیش نہ ہوا ،دو ر دراز کے علاقوں سے آنیوالے سائلین کو شدید مشکلات کا سامنا

جمعہ 10 فروری 2017 18:25

ڈونگہ بونگہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 فروری2017ء) ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن بہاولنگر وکلاء کی جانب سے دوسرے روز بھی پولیس اور عدلیہ کے خلاف ہڑتال جاری رکھی گئی ، کوئی بھی وکیل کسی کسی عدالت میں پیش نہ ہوا جس کے سبب دو ر دراز کے علاقوں سے آنیوالے سائلین کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ وکلاء کاکہنا ہے کہ عدلیہ اور پولیس کی جانب سے برتا جانیوالا رویہ کسی بھی طور قبول نہیں، انکا مطالبہ تھا کہ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج سمیت ایڈیشنل سیشن جج کا تبادلہ کیا جائے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ، ایڈیشنل سیشن جج اور دیگر ججز کی جانب سے بھی اپنے دفاتر / عدالتیں چھوڑ کرلان میں ڈیرے ڈال لیے گئے اور عدالت کے تمام تر متعلقہ امور یکسر معطل رہے۔ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کی جانب سے میڈیا کو دئیے گئے بیان کے مطابق انکی جانب سے کوئی ہڑتال نہ کی گئی ہے ۔ جب تک وکلاء عدالتوں میں پیش نہ ہوں گے کوئی بھی متعلقہ امو رسر انجام نہیں دیا جا سکتا۔سائلین نے میڈیا گفتگو میں کہا کہ ججز کی جانب سے لان میںبیٹھنے اور وکلاء کی ہڑتال کے سبب انہیں سخت پریشانی کا سامنا ہے۔واضح رہے کہ وکلاء کی جانب سے اپنے مطالبات کے حق میں مورخہ 9 تا 11 فروری تین روزہ ہڑتال کا اعلان کیا گیاتھا۔

متعلقہ عنوان :

ڈونگہ بونگہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں