فیصل آباد میں زمینداروں، کاشتکاروں اور کسانوں کی تعداد 2لاکھ 58ہزار سے تجاوز کرگئی

بدھ 17 اپریل 2024 12:55

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اپریل2024ء) فیصل آباد میں زمینداروں، کاشتکاروں اور کسانوں کی تعداد 2لاکھ 58ہزار سے تجاوز کرگئی ہے جن میں سے 65فیصد کاشتکاروں کارقبہ 12ایکڑ سے کم ہے جبکہ چھوٹے کاشتکاروں کو گندم، چاول، مکئی، کپاس کی شاندار پیداوار کے حصول کیلئے زرعی خدمات کی فراہمی کاآغاز کردیاگیا ہے اور انہیں کہاگیاہے کہ وہ کھادوں کا متناسب استعمال یقینی بنائیں کیونکہ اس سے فصلات کی پیداوار میں 50فیصد تک اضافہ کیاجاسکتاہے۔

نظامت زرعی اطلاعات محکمہ زراعت کے مطابق مقامی زرعی جامعہ اور محکمہ زراعت پنجاب کے تعاون سے فرٹیلائزر ماڈل تیار کئے گئے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ صوبہ پنجاب کی 80سے 90فیصد زرعی زمنیوں میں فاسفورس کی کمی ہے جس کی وجہ سے زرعی پیداوار میں بھی کمی آئی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ اگرکاشتکار گندم، چاول، کپاس، کماد اور مکئی کے 50فیصد رقبے پر نائٹروجن اور فاسفورس کی متناسب مقدار استعمال کر لیں تووہ 260ارب روپے کی اضافی آمدنی حاصل کر سکتے ہیں۔

انہوں نے فاسفورس کے استعمال میں کمی کے اعداد وشمار پیش کرتے ہوئے کہا کہ 2004-05 اور2006-07کے درمیانی عرصے میں فاسفورس کااستعمال 26کلوگرام فی ہیکٹر سے 41 کلو گرام فی ہیکٹر تک پہنچ گیا تھا لیکن فاسفورسی کھادوں کی قیمتوں میں اضافہ کی وجہ سے 2011-12میں اس کا استعمال دوبارہ 26کلوگرام، سال 2018-19 میں 32 کلو گرام اور سال 2022-23 میں 37 کلو فی ہیکٹر کی سطح پر آ گیا۔ انہوں نے فصلوں کی بلحاظ کھاد کی مطلوبہ مقدار معلوم کرنے کے ماڈل کے بارے میں بتایا کہ زرعی ماہرین کی کاوشوں کے نتیجہ میں اب کاشتکار اپنی مرضی کے مطابق زرعی پیداوار حاصل کر سکتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں