یکم مئی سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا امکان

اس سلسلے میں اوگرا آج سمری ارسال کرے گی‘ حتمی فیصلہ وزیر اعظم کی مشاورت سے ہوگا

Sajid Ali ساجد علی منگل 30 اپریل 2024 10:31

یکم مئی سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا امکان
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 30 اپریل 2024ء ) یکم مئی سے ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا امکان ظاہر کردیا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت میں گزشتہ دو ہفتوں کے دوران کمی کا رجحان برقرار ہے، جس کی وجہ سے پاکستان میں بھی پیٹرول 5 روپے 4 پیسے فی لیٹر سستا ہونے کا امکان ہے، اسی طرح ڈیزل 8 روپے اور مٹی کے تیل کی قیمت میں 8 روپے 3 پیسے کمی ہوسکتی ہے جب کہ لائٹ ڈیزل 5 روپے 40 پیسے فی لٹر سستا ہوسکتا ہے، اس حوالے سے اوگرا آج پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی سمری ارسال کرے گی، تاہم پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا حتمی فیصلہ وزارت خزانہ کی جانب سے وزیر اعظم کی مشاورت سے کیا جائے گا۔

ادھر پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کو ڈی ریگولیٹ کرنے کی حکومتی پالیسی کو مسترد کر دیا،فیصلے پر نظرثانی نہ کیے جانے کی صورت میں احتجاج کی دھمکی دیدی،پیٹرولیم ڈیلرز کے نزدیک حکومت کے نئے فارمولے سے ہر شہر میں پیٹرول کی پرائس الگ ہوگی جس کا نقصان عوام کو برداشت کرنا ہوگا، اس حوالے سے پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین عبد السمیع خان کا کہنا تھا کہ آئل ڈیلرز نے احتجاج کا آغاز کردیا ہے، پالیسی پر نظر ثانی نہ کی تو ہڑتال تک جائیں گے کیوں کہ اس حکومتی پالیسی سے سب شہروں میں پرائس میں فرق آجائے گا کراچی میں الگ اور جگہ الگ ریٹ ہوں گے، اس لیے حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین سے متعلق نئے فارمولے کے خلاف احتجاج کا آغاز کیا ہے۔

(جاری ہے)

گزشتہ ہفتے یہ اطلاعات سامنے آئیں تھیں کہ ایندھن کی بڑھتی ہوئی قیمتوں اور تیل کی مصنوعات کی سمگلنگ پر آئل انڈسٹری کی شکایات کے تناظر میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کو ڈی ریگولیٹ کرنے پر غور شروع کیا گیاتھا اور اس حوالے سے پیٹرولیم ڈویژن نے ایک ہدایت میں آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) سے کہا تھا کہ وہ تین روز میں پیٹرولیم مصنوعات کی ڈی ریگولیشن پر تجزیہ اور مضمرات پر ایک پریزنٹیشن پیش کرے، اس پریزنٹیشن میں ان کنٹری فریٹ ایکویلائزیشن مارجنز (آئی ایف ای ایم) اور دیگر متعلقہ پہلووٴں کا احاطہ کرنے کا بھی کہا گیاتھا، یہ ہدایت وزیراعظم کے دفتر کی جانب سے پیٹرولیم سیکٹر کے لیے ڈی ریگولیشن فریم ورک کو فوری طور پر حتمی شکل دینے کی ہدایات کے بعد سامنے آئی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں