حکومت خواتین کو زندگی کے ہر شعبہ میں ان کا بنیادی حصہ دینے کیلئے کوشاں ہے ، خواتین چیمبرز کو اس حوالے سے پالیسی سازی میں بھی شامل کیا جائے گا،وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقیات

جمعہ 24 جنوری 2020 16:11

حکومت خواتین کو زندگی کے ہر شعبہ میں ان کا بنیادی حصہ دینے کیلئے کوشاں ہے ، خواتین چیمبرز کو اس حوالے سے پالیسی سازی میں بھی شامل کیا جائے گا،وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقیات
فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جنوری2020ء) وفاقی وزیر منصوبہ بندی ، ترقیات ، اصلاحات و خصوصی اقدامات اسد عمر نے یقین دلایا ہے کہ حکومت خواتین کو زندگی کے ہر شعبہ میں ان کا بنیادی حصہ دینے کیلئے اعلیٰ سطح پر کوشاں ہے جبکہ خواتین چیمبرز کو اس حوالے سے پالیسی سازی میں بھی شامل کیا جائے گا۔ اسلام آباد چیمبر کے زیر اہتمام چیمبرز پریزیڈنٹس کنکلیو کے دوران فیصل آبا د وومن چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کی صدر محترمہ قراة العین سے بات چیت کے دوران وفاقی وزیر نے کہا کہ موجودہ حکومت کی پالیسیاں خواتین دوست ہیں تاہم معاشرتی مسائل کی وجہ سے خواتین اپنا متحرک اور فعال کردار ادا کرنے سے از خود گریزاں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت اس صورتحال کو بدلنے کیلئے ہرسطح پر بھر پور کوشش کر رہی ہے تاہم ترقی پسند اور روشن خیال خواتین کو بھی اس سلسلہ میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔

(جاری ہے)

ملاقات کے دوران محترمہ قراة العین نے سی پیک کے تحت فیصل آباد میں بننے والے سپیشل اکنامک زون کا ذکر کیا اور کہا کہ ایسی منصوبہ بندی کی جائے جس کے تحت یہاں لگنے والے کارخانوں میں خواتین کیلئے زیادہ سے زیادہ نوکریاں پیدا کی جا سکیں ۔

انہوں نے کہا کہ 51 فیصد آبادی کو ترقی کے مرکزی دھارے سے الگ کر کے پاکستان ترقی نہیں کر سکتا اسلئے خواتین کی ہر سطح پر حوصلہ افزائی کی جانی چاہیے۔ انہوں نے چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو شبر زیدی سے بھی ملاقا ت کی اور انہیں کاروباری خواتین کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔ انہوں نے شوہر کے نادہندہ ہونے پر بیوی کو قرض دینے سے انکا ر کو امتیازی سلوک قرار دیا اور کہا کہ ایسی پالیسیوں پر فوری نظر ثانی کی ضرورت ہے۔

شبر زیدی نے کہا کہ ایف بی آر کی سطح پر خواتین کے مسائل کو فوری حل کیا جائے گا۔ انہوں نے فیصل آباد وومن چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے پلیٹ فار م پر آگاہی سیشن منعقد کرانے کا بھی یقین دلایا اور کہا کہ وہ خود اس اجلاس میں شریک ہوں گے تاکہ خواتین کی مشاورت سے پالیسیاں بنائی جا سکیں۔ مزید برآں کاروباری خواتین کو ٹیکسوں کے حوالے سے بھی دی جانے والی سہولتوں کے بارے میں آگاہ کیا جائے گا۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں