انتظامی معاملات کی جانچ پڑتال کے لئے فیلڈ وزٹس ناگزیر ہیں،ڈویژنل کمشنر

جمعہ 19 اپریل 2019 22:17

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اپریل2019ء) :ڈویژنل کمشنر محمود جاوید بھٹی نے کہا ہے کہ انتظامی معاملات کی جانچ پڑتال کے لئے فیلڈ وزٹس ناگزیر ہیں جس کی بدولت محکمانہ سروسز سے متعلق عوامی اعتماد میں اضافہ ہوتا ہے بلکہ عوام سے براہ راست رابطہ سے سیکھنے کے مواقع اور حکومتی اہداف بھی حاصل ہوتے ہیں۔انہوں نے یہ بات فیصل آباد کے دورہ پر آئے ہوئے پاکستان پرونشیل سروسز اکیڈمی پشاور میں 83ویں پری سروس کورس کے پی ایم ایس افسران کو کمشنر آفس میں بریفنگ سیشن کے دوران کہی۔

ایڈیشنل کمشنرز رائے واجد علی،ملک خادم حسین جیلانی،ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ مہر رمضان،پروٹوکول آفیسر میاں فاروق اور زیر تربیت افسران بھی موجود تھے۔ڈویژنل کمشنر نے افسران کی ٹیم کا خیر مقدم کرتے ہوئے انہیں فیصل آباد ڈویژن کے انتظامی ڈھانچہ،خطہ کی تاریخی وثقافتی اہمیت،زرعی وصنعتی امور،جغرافیائی پہلوئوں اور ترقیاتی سرگرمیوں کے بارے میں آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ فیصل آباد ٹیکسٹائل کا حب اورمعشت کی ترقی میں اہم کردارادا کررہا ہے اور کاروباری افراد کو ساز گار ماحول فراہم کرنے پر توجہ مرکوز ہے۔انہوں نے کہا کہ عوامی مسائل سے جانچ پڑتال اور ان کے تیز رفتار حل کے لئے حکومت پنجاب کی ہدایت پر ہر جمعہ کو کھلی کچہری کا انعقادکیا جارہا ہے جبکہ اوپن ڈور پالیسی پر بھی عملدرآمد جاری ہے ۔

انہوں نے بتایا کہ کلین اینڈ گرین پنجاب پروگرام کے تحت دستیاب اراضی پر شجرکاری کرکے ماحولیاتی تحفظ کو یقینی بنارہے ہیں۔کمشنر نے شرکاء کو ڈویژن میں امن وامان کی مجموعی صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے شعبہ تعلیم وصحت میں حکومتی ترجیحات،زیر تکمیل ترقیاتی منصوبوں،سپورٹس کے میدان میں فیصل آباد کی کارکردگی،انسداد تجاوزات مہم،انسداد بجلی چوری مہم ودیگر امور پر بھی بریفنگ دی۔

انہوں نے بعض سوالوں کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ریونیو امور کو شفاف اور ڈویژن کے چاروں اضلاع میں اعلیٰ نظم ونسق کا قیام بھی ترجیح میں شامل ہے۔انہوں نے سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کو فراہم کردہ طبی سہولیات ودیگر محکموں کی ورکنگ /کارکردگی سے بھی آگاہ کیا۔کوآرڈینیٹر ٹیم نے تفصیلی بریفنگ پر کمشنر کا شکریہ ادا کیا۔اس موقع پر شیلڈز کا بھی تبادلہ کیا گیا۔بعدازاں افسران کی ٹیم سے شیخوپورہ روڈ پر ستارہ انرجی اور ستارہ کیمیکلز انڈسٹریز کا بھی دورہ کیا۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں