فیصل آباد، جماعت اسلامی یوتھ کا کل تاجران کی ملک گیرشٹرڈائون ہڑتال کی حمایت کااعلان

موجودہ حکومت نے ملک کو معاشی طورپرمفلوج بنادیاہے،تاجروںسے لے کرمزدورتک ہرفردحکومتی پالیسیوںسے نالاں ہے، جے آئی یوتھ کے ضلعی صدر چوہدری عمرفاروق گجر

جمعرات 11 جولائی 2019 23:29

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 جولائی2019ء) جماعت اسلامی یوتھ نے کل مورخہ13جولائی کو تاجران کی ملک گیرشٹرڈائون ہڑتال کی حمایت کااعلان کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت نے ملک کو معاشی طورپرمفلوج بنادیاہے،تاجروںسے لے کرمزدورتک ہرفردحکومتی پالیسیوںسے نالاں ہے، جے آئی یوتھ کے ضلعی صدر چوہدری عمرفاروق گجر،جنرل سیکرٹری راشدمحمود،سلطان ڈوگر،محمدزید،عمران عبداللہ،سلیم انصاری نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت نے ملک کا معاشی نظام تباہ وبربادکردیاہے، حکومت زمین پر اور ڈالر آسمان پر ہے۔

معاشی نظام کو آئی ایم ایف کے کلرکوں اور پٹواریوں کے ہاتھ میں دے دیا گیا ہے۔ایمنسٹی سکیم بھی کرپٹ اشرافیہ کیلئے ہے۔ ڈالر کو ہیروں کا تاج پہنانے اور روپے کی قدر کو خاک میں ملانے والے کسی طرح بھی ملک و قوم کے خیر خواہ نہیں ہوسکتے۔

(جاری ہے)

پاکستانی روپے کی قدر جنوبی ایشیاء میں سب سے کم ہوگئی ہے،کئی دہائیوں سے جنگ میں مبتلا افغانستان کی افغانی اور بنگادیشی ٹکا بھی اب پاکستانی روپے کے سامنے اکڑ کر چلتے ہیں ۔

پاکستانی روپے کی قدر ’’ٹکے‘‘کے برابر نہیں رہی بلکہ مالدیپ کی کرنسی سے بھی نیچے کی سطح پر پہنچ گئی ہے اور حکمران بے بسی کی تصویر بنے ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت بھی اب عام لوگوں کی طرح اخبارپڑھ کراور ٹی وی دیکھ کر روپے کی قدر معلوم کرتی ہے ، انہوں نے کہا کہ اتنی بے قدری اور بے توقیر ی کے بعد روپیہ بھی سوچ رہا ہے کہ وہ کن دشمنوں کے ہتھے چڑھ گیا ہے۔

ضلعی صدر چوہدری عمر فاروق گجرنے کہاکہ آئی ایم ایف کے نمائندوںکے پاکستانی بجٹ بنانے کے اعتراف کے بعدثابت ہوگیاہے کہ حکومت نے ملک کو آئی ایم ایف کے ہاتھوں گروی رکھ دیاہے ۔انہوں نے کہاکہ اگرحقیقی معنوں میں احتساب ہوتا تو اب تک پانامہ لیکس کے 436ملزم آزاد نہ پھر رہے ہوتے۔انہوں نے کہا کہ ایمنسٹی سکیم کی آڑ میں جس طرح سابقہ حکومتیں ناجائز دولت بنانے والوں کے کالے دھن کو سفید کرتی اور مجرموں کو ریلیف دیتی رہی ہیں اسی طرح موجودہ حکمران جو بے لاگ اور کڑے احتساب کے نام پر اقتدار میں آئے تھے کرپٹ بدیانت اور قومی امانتوں میں خیانت کرنے والوں کو ریلیف دے رہے ہیں۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں