انتظامی حکام کی کاروائیاں و اقدامات، سموگ پھیلانے اور گرانفروشی پر لا کھوں کے جرمانے، کئی یونٹس سر بمہر، مقدما ت کا اندراج

بدھ 8 دسمبر 2021 17:49

فیصل آباد۔8دسمبر  (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی - اے پی پی ۔ 08 دسمبر2021ء) :کمشنر فیصل آباد زاہد حسین کی خصوصی ہدایت پر فیصل آباد کے انتظامی حکام کی کاروائیاں و اقدامات بدھ کو بھی جاری رہے۔ضلع کے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے بدھ کواشیائے ضروریہ مہنگے داموں فروخت کرنے پر81گرانفروشوں کو ایک لاکھ 4 ہزارروپے جرمانہ کیا۔پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے مارکیٹوں وبازاروں کے دورے کرکے چینی،آٹا، دالیں،پھل،سبزیاں اور گوشت مہنگے داموں فروخت کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ناجائز منافع خوروں کو موقع پر مختلف مالیت کے جرمانوں کی سزادی۔

اسسٹنٹ کمشنر سٹی صاحبزادہ محمد یوسف نے اسسٹنٹ کمشنر صدر منصور قاضی کے ہمراہ انسداد سموگ کے حوالے سے گرینڈ آپریشن کرکے ماحولیاتی آلودگی کا باعث بننے اور غیر معیاری ایندھن استعمال کرنے پر ایک انڈسٹریل یونٹ کا بوائلر سیل،تین انڈسٹریل یونٹس کو ڈیڑھ لاکھ روپے جرمانہ اور زگ زیگ ٹیکنالوجی کے بغیر چلنے والے دو بھٹوں کے مالکان کو بھی جرمانہ عائدکیا۔

(جاری ہے)

اسسٹنٹ کمشنرز نے کہا کہ ماحولیاتی آلودگی کا سبب بننے والوں سے سختی سے نمٹااور سموگ کا موجب بننے والوں کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن جاری ہے اس ضمن میں زیروٹالرنس پالیسی اپنائی جارہی ہے۔اسی طرح ضلع میں انسداد سموگ اقدامات کے تحت ماحولیاتی آلودگی کا سبب بننے پر بھٹوں وانڈسٹریز اور فصلوں کی باقیات کوآگ لگانے والوں کے خلاف بھرپور ایکشن کا سلسلہ جاری ہے جبکہ اس ضمن میں بدھ کوتین مقدمات درج،ایک گرفتار اور خلاف ورزی پر ایک لاکھ 12 ہزار روپے جرمانہ بھی کیا گیا۔

محکمہ ماحولیات کی ٹیموں نے بھٹوں کی انسپکشن کرتے ہوئے زگ زیگ ٹیکنالوجی کے بغیر چلنے والے دو بھٹوں کے مالکان کے خلاف مقدمات درج اور ایک کو 50 ہزار روپے جرمانہ،شاہرات پر 20 وہیکلز کو دھواں چھوڑنے کی پاداش میں 12 ہزار روپے جرمانہ،اسسٹنٹ کمشنر سٹی نے ایک انڈسٹریل یونٹ کے بوائلرمیں غیر معیاری ایندھن کے اخراج پر مالک کو 50 ہزار روپے جرمانہ اوراسسٹنٹ کمشنر تاندلیانوالہ نے فصل کی باقیات کو آگ لگانے پر ایک شخص کے خلاف مقدمہ درج کراکر اسے گرفتار کرادیا۔

دریں اثنامحکمہ سماجی بہبودکے اینٹی بیگری سکواڈ نے گزشتہ روز مختلف عوامی مقامات سے مزید 5پیشہ ور گداگروں کو تحویل میں لیا۔فوکل پرسن اینٹی بیگری آپریشن و سوشل ویلفیئر آفیسر محمد طاہرنے بتایا کہ اینٹی بیگری سکواڈنے مدنی چوک سمن آباد،ڈی ٹائپ چوک،سمن آباد پھاٹک،راجباہ روڈ سمن آباد،گلفشاں کالونی چوک، اسٹیشن چوک ودیگر علاقوں سے بھکاریوں کو تحویل میں لے کر حوالہ پولیس کیا۔

علاوہ ازیں انچارج سٹی ٹرمینل عاصم الیاس نے سٹینڈ کا اچانک دورہ کیااورریچ ایوری ڈور کورونا ویکسی نیشن مہم کے تحت مسافروں اورٹرانسپورٹرز وعملہ کی ویکسینیشن ہونے کی تصدیق کی۔انہوں نے مختلف شہروں کو روانہ ہونے والی بسوں کے اندر جاکر بھی مسافروں کی ویکسی نیشن ہونے کی تسلی کی اور بغیر ویکسین کے سفر کرنے والوں کواپنی نگرانی میں ان کی ویکسی نیشن کرائی۔

انہوں نے ٹک شاپ اور ویٹنگ ایریاز میں موجود افراد کے ویکسی نیشن کارڈز اور موبائل پر تصدیقی میسج بھی چیک کئے اورواضح کیا کہ نوویکسی نیشن نو سروس پالیسی پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جارہا ہے۔انہوں نے ٹرانسپورٹرز وڈرائیورز سے کہا کہ ویکسی نیشن کے بغیر کسی کو سفر کی اجازت نہ دی جائے۔مزید برآں ڈپٹی کمشنر علی شہزادنے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی رسپانس کمیٹی برائے انسدادڈینگی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جس میں متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی مختلف محکموں کی کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے تمام محکموں کے افسران سے کہا کہ وہ اپنے دفاتر کی تمام تر جگہوں کی صفائی ستھرائی کو یقینی بنائیں اور سرویلنس کی سرگرمیوں میں شامل سٹاف اپنی ذمہ داریوں کو پورا کرتے ہوئے اینڈرائیڈ فون کے ذریعے اپنی کارکردگی اپ لوڈ کریں۔

انہوں نے کہا کہ ڈینگی سے بچاؤ کیلئے آگاہی مہم کا دائرہ مزید وسیع کریں اس ضمن میں محکمانہ طور پر آگہی سیمینارز کے انعقاد کا سلسلہ جاری رہنا چاہیے جبکہ اہم مقامات پر معلوماتی بینرز آویزاں کرنے کے علاوہ تعلیمی اداروں میں خصوصی لیکچرز کا اہتمام کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ ڈینگی کے پھیلاؤ سے بچنے کیلئے سماجی تعاون ناگزیر ہے لہٰذا ہر سطح پر کمیونٹی کو سرویلنس و دیگر انسدادی سرگرمیوں میں شریک رکھا جائے۔

اجلاس میں ڈسٹرکٹ کوآرڈینیٹر ڈاکٹر ذوالقرنین نے ان ڈور اور آؤٹ ڈورسرویلنس سرگرمیوں کے بارے میں بریفنگ دی۔پبلک ٹرانسپورٹس میں نو ویکسی نیشن نو سروس پالیسی پر سختی سے عملدرآمدکو یقینی بنایا جائے اور تاحال ویکسین نہ لگوانے والوں کو سفر کی اجازت نہیں ہونی چاہیے۔یہ بات ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل قیصر عباس رند نے ٹرانسپورٹرز سے میٹنگ کرتے ہوئے کہی جس میں سیکرٹری آر ٹی اے محمد سرور اور چیف ٹریفک آفیسر ملک تنویر کے علاوہ ٹرانسپورٹرز بھی موجود تھے۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل نے اجلاس کو این سی او سی کی نئی ہدایات بارے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ ویکسین نہ لگوانے والے افراد مزید پبلک ٹرانسپورٹ میں سفر نہیں کرسکتے جبکہ دوران سفر کورونا ایس اوپیز پر عملدرآمد یقینی ہونا چاہیے۔انہوں نے مسافروں کے فیس ماسک پہننے اور 80 فیصد گنجائش تک مسافر بٹھانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ڈرائیورز وکنڈیکٹرز کی بھی ویکسی نیشن ناگزیر ہے۔

انہوں نے بس سٹینڈز کے داخلی راستوں پر نو ویکسی نیشن نو سروس پر مشتمل بینرز نمایاں طور پر آویزاں کرنے جبکہ مسافر خانوں میں بھی مسافروں کی آگاہی کا خصوصی انتظام کرنے کی ہدایت کی۔انہوں نے کورونا وبا میں ٹرانسپورٹرز کے بھرپور تعاون کو سراہتے ہوئے آئندہ بھی اس وبا سے بچاؤ کیلئے معاونت جاری رکھنے کی اپیل کی اور کہا کہ محکمہ ٹرانسپورٹ اور ٹریفک پولیس بھی عملدرآمد کی چیکنگ کیلئے سرگرم رہیں گی لہٰذا خلاف ورزی سے گریز کریں۔اجلاس میں ڈائیوو،کوہستان اور مختلف ٹرانسپورٹ کمپنیوں کے نمائندوں نے شرکت اور اپنے تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں