ایڈووکیٹ خالدخورشید وزیراعلیٰ گلگت بلتستان منتخب

تحریک انصاف کے رکن نے 22ووٹ حاصل کیے ، اپوزیشن کے امیدوار امجد ایڈووکیٹ صرف 9 ووٹ لے سکے

Sajid Ali ساجد علی پیر 30 نومبر 2020 16:58

ایڈووکیٹ خالدخورشید وزیراعلیٰ گلگت بلتستان منتخب
گلگت (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 30 نومبر2020ء) تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے خالدخورشید وزیراعلیٰ گلگت بلتستان منتخب ہوگئے ۔ تفصیلات کے مطابق ایڈووکیٹ خالد خورشید نے 22 ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی جب کہ ان کے مدمقابل اپوزیشن کے امیدوار امجد ایڈووکیٹ صرف 9 ووٹ حاصل کرسکے۔ وزیراعظم عمران خان کی طرف سے وزیراعلیٰ گلگت بلتستان کیلئے ایڈووکیٹ خالد خورشید کا نام فائنل کیا گیا تھا ، وزیراعلیٰ کیلئے وزیراعظم کو پارٹی کی جانب سے دو نام بھجوائے گئے تھے ۔

ذرائع کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے گلگت بلتستان میں حکومت سازی کا کام شروع کردیا ، اس سلسلے میں وزیراعلیٰ گلگت بلتستان کی حتمی منظوری کیلئے دو ناموں میں سے بیرسٹر خورشید شاہ کا نام فائنل کیا گیا ، تحریک انصاف نے گلگت بلتستان کے وزیراعلیٰ کے لیے 2 نام شارٹ لسٹ کیے تھے ، بیرسٹر خالد خورشید اور فتح اللہ خان کے نام حتمی منظوری کیلئے وزیراعظم کو بجھوائے گئے تھے۔

(جاری ہے)

اسی طرح الیکشن کمیشن نے ٹیکنوکریٹس اور خواتین کی مخصوص نشستوں کا بھی اعلان کردیا ، جس کے تحت خواتین کی 6 مخصوص اور ٹیکنو کریٹس کی 3 نشستوں کا اعلان کیا گیا۔ الیکشن کمیشن گلگت بلتستان کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق ٹیکنوکریٹس کی 3 میں سے 2 نشستیں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے جب کہ ایک نشست پیپلزپارٹی کے حصے میں آئی ، گلگت بلتستان اسمبلی میں پی ٹی آئی کے اکبر علی اور فضل رحیم جب کہ پیپلزپارٹی کے غلام شہزاد ٹیکنوکریٹس نشست پر منتخب ہوئے ، خواتین کی 6 مخصوص نشستوں میں سے 4 پی ٹی آئی کو ملیں جب کہ ایک مخصوص نشست پیپلزپارٹی اور ایک ن لیگ نے حاصل کی ، نوٹیفیکیشن کے مطابق خواتین کی مخصوص 4 نشستوں پر پی ٹی آئی کی کنیز فاطمہ، ثریا زمان، دلشاد بانو اور کلثوم الیاس منتخب ہوئیں ، پیپلزپارٹی کی سعدیہ دانش اور ن لیگ کی صنم بی بی خواتین کی مخصوص نشستوں پر اسمبلی میں پہنچی ہیں۔

گلگت میں شائع ہونے والی مزید خبریں