سو شل میڈیا پر مسلکی منافرت پھیلا نے والوں کے خلاف سائبر کرائم کے تحت کارروائی عمل میں لائی جائے، قاضی نثار احمد

جمعہ 20 ستمبر 2019 14:43

گلگت ۔(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 ستمبر2019ء) قائد اہلسنت امام جمعہ والجماعت قاضی نثار احمد نے کہا ہے کہ مذہبی منافرت گلگت بلتستان کی تعمیر و ترقی کے لئے مضر ثابت ہو سکتا ہے،سو شل میڈیا پر مسلکی منافرت پھیلا نے والوں کے خلاف سائبر کرائم کے تحت کارروائی عمل میں لائی جائے۔ انہوں نے کہا جو عناصر مسلکی منافرت سو شل میڈیا میں پھیلا رہے ہیں ان کے خلاف سائبر کرائم کے تحت کارروائی عمل میں لائی جائے اور امن معاہدہ پر مکمل عمل در آمد کو یقینی بنایا جائے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ اس وقت حسینیت کا عملی نمونہ مقبوضہ کشمیر میں دکھانے کی ضرورت ہے اوراس کا واحد راستہ جہاد ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں گلگت بلتستان کا امن عزیز ہے اب تک امن و امان کے لئے ہر قسم کی قربانی دی ہے اور امن ہی سے گلگت بلتستان کی ترقی ممکن ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا سی پیک ایک گیم چینجرمنصوبہ ہے اس سے گلگت بلتستان کے عوام نے مستفید اور مملکت خداداد پاکستان نے مستحکم ہونا ہے اس منصوبے کی کامیابی گلگت بلتستان میں امن کے قیام اور قانونی رٹ قائم کرنے سے ہوگی کیونکہ اس وقت ایک مرتبہ پھر سے گلگت بلتستان میں بد امنی پھیلانے کی سازش کے تحت آئے روز سوشل میڈیا میں توہین آمیز پوسٹ کئے جا رہے ہیں اس کے خلاف فوری کارروائی عمل میں لائی جائے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے ابھی تک جو امن معاہدہ ہوا ہے اس کے مکمل پاسداری کی ہے اور اس معاہدے پر عمل درآمد کرانا وقت کی اہم ضرورت ہے ۔انہوں نے کہا کہ صحابہ کرام اور اہل بیت کے خلاف کوئی بھی بات ناقابل معافی ہے اور یہی ہمارے ایمان کا حصہ ہے۔

گلگت میں شائع ہونے والی مزید خبریں