گلگت بلتستان میں عدم اعتماد کے حوالے سے تمام معاملات فائنل ہوچکے ہیں، رکن گلگت بلتستان اسمبلی سعدیہ دانش

ہفتہ 21 مئی 2022 23:13

گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 مئی2022ء) پیپلزپارٹی کی رکن گلگت بلتستان اسمبلی و صوبائی سیکرٹری اطلاعات سعدیہ دانش نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کی موجودہ حکومت کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک بائیں ہاتھ کا کھیل ہے، ملک بھر سے تحریک انصاف کا صفایا ہو رہا ہے۔ ہفتہ کو اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان میں عدم اعتماد کے حوالے سے تمام معاملات فائنل ہوچکے ہیں۔

پی ڈی ایم عنقریب گلگت بلتستان کے عوام کو بھی اس نا اہل حکومت سے نجات دلائے گی۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ حکومت نے پونے چار سالہ اقتدار میں عوام کے منہ سے روٹی کا نوالہ چھیننے اور سبز باغ دکھانے کے علاوہ کچھ نہیں کیا اور عوام پر مہنگائی کے بم گرائے جاتے رہے۔ انہوں نے کہا کہ متحدہ اپوزیشن اس وقت عوام کو مہنگائی سے نجات دلانے کی کوشش کر رہی ہے اور تباہ حال معیشت کی بحالی کی سر توڑ کوششیں کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

سعدیہ دانش کہا کہ چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے وزارت خارجہ کا قلمدان سنبھالتے ہی پاکستان کو سفارتی تنہائی سے نکالنے کے لئے بھرپور عملی اقدامات کا آغاز کیا ہے اور انکی اعلیٰ سیاسی بصیرت اور معاملہ فہمی کو دنیا بھر میں پذیرائی حاصل ہو رہی ہے ، نوجوان لیڈر پوری دنیا میں پاکستان کا مثبت چہرہ بن کر ابھر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسی خاتون سیاستدان پر جملے بازی کرنا کمزور ترین شخص کی پہچان ہے ، کسی بھی عورت کو اس طرح کی تنقید کا نشانہ بنانے والا شخص قابل معافی نہیں ہے ۔

گلگت میں شائع ہونے والی مزید خبریں