گوجرانوالہ میں پاکستان تحریک انصاف کے دفتر میں نوجوان سر عام نشہ کرنے لگے

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 23 جولائی 2018 12:45

گوجرانوالہ میں پاکستان تحریک انصاف کے دفتر میں نوجوان سر عام نشہ کرنے لگے
گوجرانوالہ (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 23جولائی 2018ء) : عام انتخابات 2018ء میں دو روز باقی ہیں اور اسی کے پیش نظر ملک میں سیاسی گہما گہمی دیکھنے میں آ رہی ہے، ملک بھر میں سیاسی جماعتوں کے دفاتر میں کارکنان اور ووٹرز کا رش بھی دیکھنے میں آ رہا ہے البتہ گوجرانوالہ میں پاکستان تحریک انصاف کے ایک دفتر میں ووٹرز اور کارکنان کی بجائے نشے کے عادی افراد نے ڈیرے ڈال لیے ہیں۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق گوجرانوالہ کے علاقہ پیپلز کالونی میں پاکستان تحریک انصاف کے دفتر میں نوجوان سر عام نشہ کرنے لگے۔ پولیس نے اس سے قبل بھی اسی دفتر سے منشیات فروشوں اور نشے کے عادی افراد کو گرفتار کیا تھا۔ میڈیا رپورٹ میں بتایا گیا کہ پیپلز کالونی میں موجود پاکستان تحریک انصاف کے اس دفتر سے متعلق پولیس کو کئی شکایات موصول ہوئیں جس پر پولیس نے مذکورہ دفتر میں چھاپہ مار کر تین افراد کو منشیات فروشی کے الزام میں گرفتار بھی کر لیا تھا۔

(جاری ہے)

لیکن اب اس آفس میں نشے کے عادی افراد نے سر عام ہی نشہ کرنا شروع کر دیا جس کی فوٹیج بھی سامنے آئی ہے۔ فوٹیج میں نوجوانوں کو سر عام ہیروئن کا نشہ کرتے ہوئے دیکھا گیا۔ تھانہ پیپلز کالونی کے ایس ایچ او نے بتایا کہ وہاں کچھ ایسے نوجوان موجود ہیں جو نشے کے عادی ہیں اور جن کو ایسی سرگرمیاں کرنے سے منع بھی کیا تھا ۔اس حوالے سے پاکستان تحریک انصاف کے کیمپ میں موجود پی ٹی آئی کارکنان سے بات کی گئی تو انہوں نے نشہ کرنے والے افراد سے لاتعلقی کا اظہار کیا اورکہا کہ ان افراد کو بارہا یہاں آ کر بیٹھنے سے منع کیا ہے لیکن یہ پھر یہیں آ جاتے ہیں، اور عالم یہ ہے کہ یہاں بیٹھ کر کھُلے عام نشہ بھی کرتے ہیں۔

پولیس نے ان افراد کے خلاف مقدمہ بھی درج کر لیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ نشہ کرنے اور منشیات فروشوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

گجرانوالہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں