گوجرانوالہ، شادی سے انکار پر نوجوان نے لڑکی کو 4 گولیاں مار دیں

لڑکے نے لڑکی کو ملنے کے بہانے بلا کر فائرنگ کر دی،لڑکی پر فائرنگ کے بعد مبینہ طور پر نوجوان نے بھی خود کو گولی مار کر خود کشی کرلی

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان جمعرات 13 اگست 2020 11:21

گوجرانوالہ، شادی سے انکار پر نوجوان نے لڑکی کو 4 گولیاں مار دیں
گجرانوالہ (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔13 اگست 2020ء) گوجرانوالہ میں شادی سے انکار پر نوجوان نے لڑکی کو 4 گولیاں مار کر زخمی کردیا۔تفصیلات کے مطابق گوجرانوالہ میں شادی سے انکار پر لڑکی کو فائرنگ کر کے زخمی کر دیا گیا ہے۔لڑکی پر فائرنگ کے بعد مبینہ طور پر نوجوان نے بھی خود کو گولی مار کر خود کشی کرلی۔پولیس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ چیمہ کالونی میں پیش آیا۔

خاندان اور پڑوسیوں کے بیانات کے مطابق گھر والوں کے راضی نہ ہونے پر لڑکی نے قدیر نامی نوجوان سے شادی سے انکار کیا تھا۔قدیر ملنے کے بہانے آیا اور لڑکی پر فائرنگ کردی اور مبینہ طور پر خود کو بھی گولی مار کر زندگی کا خاتمہ کرلیا۔لڑکی کو چار گولیاں لگی ہیں،جس کے بعد اسکی حالت تشویشناک ہوگئی ہے۔لڑکی کو تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

اہل خانہ اور پڑوسیوں کے بیانات کے علاوہ وقوعہ سے ملنے والے شواہد کی روشنی میں مزید تحقیقات کی جارہی ہیں۔قبل ازیں سوات میں قتل کا ایک ایسا واقعہ پیش آیا جب ں 45 سالہ خاتون نے شادی سے انکار پر آدمی کو گولی مار کے قتل کردیا تھا۔بتایا گیا کہ سوات کے بریکوٹ مینا بازار میں خاتون کی فائرنگ سے مبینہ طور پر 40سالہ دکاندار قتل ہوگیا ۔ دکاندار کو قتل کرنے کے فوراََ بعد پولیس نے خاتون کو گرفتار کرلیا اور خاتون پولیس کی تحویل میں ہے۔

پولیس کے مطابق 45سالہ ملزمہ نیلم نے 40سالہ حسین علی کو شادی سے انکار پر قتل کیا ۔نیلم نامی خاتون جس کی عمر 45سال بتائی گئی ہے وہ 40سالہ دکاندار حسن علی سے شادی کرنا چاہتی تھی لیکن حسن علی نے شادی سے انکار کردیا جس پر خاتون اشتعال میں آگئی اور اس نے بازار کے اندر فائرنگ کر کے حسن علی کو قتل کردیا۔ پولیس کے مطابق حسن علی گولی لگنے سے موقع پر ہی جاں بحق پوگیا جس کے بعد قاتلہ کو گرفتار کرلیا گیا ۔

اکثر سننے میں آتا ہے لڑکی کی جانب سے شادی سے انکار پر لڑکے نے خاتون کو قتل کردیا یا تیزاب گردی کا نشانہ بنادیا لیکن یہ ایک منفرد واقعہ ہے جس میں خاتون نے شادی سے انکار پر ایک مرد کو قتل کردیا جبکہ خاتون اور مرد عمر کے حساب سے بھی کافی بڑے تھے۔اس سے قبل ملک میں تیزاب گردی کے کئی واقعات سامنے آچکے ہیں جہاں کسی نوجون نے لڑکی کے چہرے پر تیزاب گرا کر اسے جلا دیا یا پھر جان سے ہی مار ڈالا، ان واقعات کی روک تھام کیلئے حکومت اور مختلف این جی اوز کام کر رہی ہیں

گجرانوالہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں