پولیس آفیسر کو رولزمیں درج قوانین کے مطابق اپنے فرائض انجام دینے چاہیں،سٹی پولیس آفیسر گوجرانوالہ

جمعرات 10 اکتوبر 2019 23:36

گوجرانوالہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اکتوبر2019ء) سٹی پولیس آفیسرڈاکٹر معین مسعود نے کہا ہے کہ ایک پولیس آفیسر کوپولیس رولزمیں درج قوانین کے مطابق اپنے فرائض انجام دینے چاہیں۔ مزید براں تعزیرات پاکستان اور ضابط فوجداری کو سامنے رکھتے ہوئے مقدمات کا اندراج اور تفتیش عمل میں لانی چاہیے۔کوئی بھی فعل قانون اور آئین سے متصادم نہیں ہونا چاہیے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز اپنے آفس کے کانفرنس ہال میں سنیئر پولیس افسران، ایس ڈی پی اوز،ایس ایچ اوز اور دیگران سے میٹنگ کرتے ہوئے کیا ۔ سی پی او نے کہا کہ خاندانی دشمنیوں کے خاتمہ کے لئے ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوز کو اپنا مثبت کردار ادا کرنا ہو گا مزید براں علاقے میں کرایہ داروں اور ہوٹلوں میں ٹھہرنے والے مشکوک اشخاص کی نگرانی اور جرائم پیشہ عناصر کی حوصلہ شکنی کے لئے موثر گشت اور ناکہ بندی کی جائے ۔

(جاری ہے)

منشیات فروش معاشرے کا ناسور ہیںان کو کیفر کردار تک پہنچائیں گے۔نوجوان پاکستان کے مستقبل کے معمار ہیںاور ہم کسی کو اپنی نسل کے مستقبل سے کھیلنے کی اجازت نہیں دیںگے۔ نشہ کی لت نے کئی گھر تباہ کر دیے۔منشیات اور جرائم پیشہ عناصر سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔سی پی او نے کہا کہ ملزمان کی گرفتاری کے لئے کرائم سین سے ٹھوس شہادتوں کی روشنی میں ملزمان تک رسائی حاصل کی جائے اس ضمن میں سنگین مقدمات کی یکسوئی میں فارنزک لیب اور ٹیکنیکل سپورٹ کو لازم قرار دیا جائے ۔

انہوں نے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ سائیلان کے مسائل کے حل کے لئے محنت ، ایمانداری اور خلوص نیت سے کار سرکار انجام د یا جائے ۔تھانہ جات اور دفاتر میں آنے والے سائلین سے انتہائی احسن طریقہ سے پیش آئیں اور ان کے مسائل کو حل کرنے کی ہر ممکن کوشش کی جائے۔ ہر بیٹ افسر کے پاس اپنی اپنی بیٹ کا نقشہ ، مجرمان اشتہاری، عدالتی مفرو ران اور بدمعاشوں کی فہرست ،علاقے کے اہم اور حساس مقامات کی تفصیل ہمہ وقت موجود ہونی چاہیے۔

جدید سائنسی اصولوں اور پیشہ ورانہ مہارت کوبروئے کار لاتے ہو ئے مجرمان اشتہاری کی گرفتاری کو یقینی بنایا جائے۔انہوں نے ایس پیز کو ہدایت کی کہ وہ تھانہ جات کے سرپرائز وزٹ کریں اور مجرمان اشتہاری کی گرفتاری مہم کوروزانہ کی بنیادوں پرخود مانیٹر کریں ۔انہوں نے کہا کہ عدالتوں کی جانب سے تھانہ جات میں موصول ہونے والے اعتراضی چالانوں کے اعتراض فوری طور پر دور کر کے انہیں واپس عدالت مجازمیں بھجوایا جائے اور مقدمات کی تفتیش میرٹ پرکرتے ہوئے مقدمات کے چالان بلا تاخیر اندر میعاد عدالت مجاز میں جمع کروائے جائیں۔

آخر میں سٹی پولیس آفیسرڈاکٹر معین مسعود نے اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے ایس ڈی پی اوز کو لیٹر آف ایپریسیشن اور ایس ایچ اوز کو نقدی انعام اور تعریفی سرٹیفکیٹ دیے ۔ناقص کارکردگی کا مظاہر کرنے والے افسران کو شو کاز نوٹس جاری۔

گجرانوالہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں