بہتر بارڈر مینجمنٹ کے بغیر ہمسائیہ ممالک کے ساتھ بہتر قانونی تجارتی تعلقات ممکن نہیں ،فدا حسین دشتی

ہم حکومت اور انتظامیہ کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کراتے ہیں،صدرایوان صنعت و تجارت کوئٹہ بلوچستان

اتوار 23 جنوری 2022 00:26

کوئٹہ /گوادر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جنوری2022ء) ایوان صنعت و تجارت کوئٹہ بلوچستان کے صدر فدا حسین دشتی نے گوادر میں بارڈر مینجمنٹ سے متعلق منعقدہ اجلاس پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمیں امید ہے کہ مذکورہ اجلاس میں حکام کو دئیے گئے احکامات اور ہدایات پر عمل درآمد کیلئے فوری اقدامات اٹھائے جائیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بارڈر مینجمنٹ سے متعلق صدر مملکت پاکستان ڈاکٹر عارف علوی کی زیر صدارت گوادر میں ہونے والے اجلاس میں گورنر بلوچستان سید ظہور احمد آغا،وزیراعلی بلوچستان میرعبدالقدوس بزنجو،وفاقی وزیر برائے کامرس رزاق دائود،چیئرمیں ایف بی آر ڈاکٹر محمد اشفاق،چیئر مین این ایچ اے،چیئرمین اوگرا،چیئرمین CPEC،چیف سیکرٹری بلوچستان،کور کمانڈر بلوچستان،چیف کلکٹر بلوچستان و دیگر صوبائی اور وفاقی بیورو کریسی کے اعلیٰ حکام کی شرکت اور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کوئٹہ بلوچستان کو اجلاس میں شرکت کی دعوت دینااس بات کی غماز ہے کہ موجودہ حکمران ملک اور صوبے میں صنعت و تجارت کا فروغ اور معیشت کو درست سمت میں گامزن دیکھنا چاہتی ہے انہوں نے کہا کہ بہتر بارڈر مینجمنٹ کے بغیر ہمسائیہ ممالک کے ساتھ بہتر قانونی تجارتی تعلقات ممکن نہیں اس سلسلے میں ہم حکومت اور انتظامیہ کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کراتے ہیں انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی صورتحال ملک کے دیگر اکائیوں سے یکسر مختلف ہیں اس لئے حکومت اور مختلف اداروں کو بلوچستان کے مخصوص حالات کو مدنظر رکھ کر یہاں صنعت و تجارت سمیت مختلف شعبوں کی ترقی کیلئے اقدامات کرنا ہوں گے بلوچستان میں پیداواری شعبہ جات کی بہتری اور صنعت و تجارت کی ترقی کیلئے خصوصی توجہ اور اقدامات درکار ہیں انہوں نے بارڈر مینجمنٹ سے متعلق اجلاس میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی،گورنربلوچستان سید ظہور احمد آغا،وزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو اور وفاقی و صوبائی حکام کی شرکت پر اطمینان کا اظہار کیا اور امید ظاہر کی کہ صدر مملکت و دیگر کی جانب سے دئیے گئے احکامات اور ہدایات پر فوری عمل درآمد کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں گے جو مستقبل قریب میں معاشی بہتری کا موجب ثابت ہوں گے۔

گوادر میں شائع ہونے والی مزید خبریں