حافظ آباد، نسووال میں سنگدل باپ نے پسند کی شادی کرنے پر بیٹی، داماد اور دو معصوم نواسوں سمیت 4افراد کو قتل کردیا

ہفتہ 8 ستمبر 2018 19:15

حافظ آباد، نسووال میں سنگدل باپ نے پسند کی شادی کرنے پر بیٹی، داماد اور دو معصوم نواسوں سمیت 4افراد کو قتل کردیا
حافظ آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 ستمبر2018ء) حافظ آباد کے نواحی گائوں نسووال میں سنگدل باپ نے پسند کی شادی کرنے پر بیٹی، داماد اور دو معصوم نواسوں سمیت 4افراد کو قتل کردیا ۔پولیس نے ملزم کو گرفتارکرکے اس سے آلہ قتل برآمد کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق نسوال کے رہائشی گلزار احمد کی بیٹی ثناء نے قریبا چار سال قبل فردوس نامی نوجوان سے پسند کی شادی کرلی تھی۔

جس کا گلزار کو سخت رنج تھا۔اور اسی رنجش پر گلزار نے اپنی بیٹی سے لاتعلقی بھی کرلی تھی۔ لیکن بعد ازاں باپ بیٹی میں صلح ہوگئی لیکن باپ نے دل سے رنجش ختم نہ کی ۔ گذشتہ رات ثناء اپنے خاوند فردوس اور دونوں بچوں اڑھائی سالہ زین اور ڈیڑہ سالہ حسنین کے ہمراہ سورہی تھی کہ اس کے باپ نے تیز دھار آلہ سے ان چاروں کو قتل کردیا جس کے بعد ملزم فرار ہوگیا۔

(جاری ہے)

پولیس نے ملزم کا تعاقب کرکے اسے گرفتارکرلیا اور اسکے قبضہ سے آلہ قتل بھی برآمد کرلیا گیا۔اور پولیس نے قتل ہونے والے چاروں افراد کی نعشوں کو قبضہ میں لیکر پوسٹمارٹم کے لئے پنڈی بھٹیاں ہسپتال منتقل کردیا ۔ اور ملزم گلزار کے خلاف چار افراد کوقتل کرنے کے الزام میںمقدمہ بھی درج کرلیا گیا ہے۔ دوسری جانب قتل ہونے والے فردوس کے بھائی راسب علی کی قیادت میں انکے عزیزواقارب نے گول چوک پنڈی بھٹیاں میں احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے کہا کہ قتل کی اس لرزہ خیز واردات میں ایک گلزار ہی نہیں بلکہ زیادہ افراد ملوث ہیں ۔

انکو بھی سراغ لگا یا جائے۔ مظاہرین نے مزید کہا کہ قتل ہونے والے افراد کی نعشوں کو انکے حوالے کیا جائے۔ جس پولیس نے مظاہرین کو یقین دہانی کروائی کہ جو بھی اس لرزہ خیز واردات میں ملوث ہوگا اسکو کیفرکردار پہنچایا جائے گا۔ اور پوسٹمارٹم کے بعد نعشیں ورثاء کے حوالے کردی جائیں گی ۔جس کے بعد مظاہرین پرامن طور پر منتشر ہوگئے۔

متعلقہ عنوان :

حافظ آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں