حافظ آباد ، انسداد خسرہ مہم کو کامیاب بنانا متعلقہ محکموں کی ذمہ داری ہے،چودھری شوکت علی بھٹی

منگل 16 اکتوبر 2018 22:28

حافظ آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 اکتوبر2018ء) رُکن قومی اسمبلی حافظ آباد چودھری شوکت علی بھٹی نے کہا ہے کہ انسداد خسرہ مہم کو کامیاب بنانا متعلقہ محکموں کی ذمہ داری ہے اور اس اہم قومی ٹاسک کی ادائیگی میں سستی ،کوتاہی برتنے والوں سے رعایت نہیں کی جائیگی۔انہوں نے کہا کہ بچوں کو صحت مندانہ اور بیماریوں سے پاک رکھنے کے لیے تمام وسائل اور اقدامات کئے جا رہے ہیںاور خصوصی انسداد خسہ مہم کے دوران محکمہ صحت کی ٹیموں سے مکمل تعاون کرتے ہوئے والدین اپنے 6ماہ سے 7سال تک کے بچوں کوخسرہ سے بچائو کے ٹیکے ضرور لگوائیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کا پختہ عزم ہے کہ معاشرے کو بیماریوں سے پاک کرنے میں کوئی کسر باقی نہیں رکھی جائیگی اور پولیو ،خسرہ اور دیگر موذی افراض سے بچوں کو محفوظ بنانا ایک اہم حکومتی ترجیح ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے ان خیالات کا اظہار ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال حافظ آباد میں ڈپٹی کمشنر عدنان ارشد اولکھ کے ہمراہ انسداد خسرہ مہم کے جائزہ کے دوران کیا۔

سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر محمد اسلم چودھری،ڈی ایچ او ڈاکٹر محمد اسلم ،ایم ایس ڈاکٹر ریحان اظہر بھی اس موقع پر انکے ہمراہ تھے۔ایم این اے نے کہا کہ عوام کی بلا تفریق خدمت اور تعلیم ،صحت سمیت تمام ممکنہ سہولیات کی فراہمی کے لیے دوررس اقدامات شروع ہو چکے ہیںاور انشاء اللہ ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ مسائل کے وقتی حل کے بجائے پائیدار اور مستقل حل کی جانب عملی پیش رفت ہوگی ۔

انہوں نے کہا کہ صحت مند اور بیماریوں سے محفوظ بچے ہی ہمارا مستقبل اور قومی اثاثہ ہیں اور اسی لیے انہیں مختلف بیماریوں سے بچائو کے لیے مسلسل اقدامات کئے جاتے ہیں۔ ڈی سی عدنان ارشد اولکھ نے کہا ہے کہ محکمہ صحت کی مسلسل کاوشوں سے ضلع سے پولیو کا تقریباًً خاتمہ ہو چکا ہے اور اب انسداد خسرہ مہم کے ذریعے کم و بیش 1,82,919بچوں کو حفاظتی ٹیکے لگائے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ مہم 27اکتوبر تک جاری رہے گی اور محکمہ صحت کے 51سنٹروں پر مفت انجکشن لگوانے کی سہولت دستیاب ہوگی۔سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر محمد اسلم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پولیو مہم کی طرح خسرہ مہم کو بھی کامیاب بنایا جائیگا اور محکمہ صحت کے افسران ،ڈاکٹرز اور عملہ قومی خدمت سے اپنے فرض کی ادائیگی کو یقینی بنائے گا ۔

حافظ آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں