حافظ آباد پولیس کی ماہ ستمبر کی کارکردگی رپورٹ جاری

بدھ 14 اکتوبر 2020 20:16

جلالپوربھٹیاں۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اکتوبر2020ء) : حافظ آباد پولیس نے ماہ ستمبر کے دوران منظم جرائم اور جرائم برخلاف مال کے خلاف مثالی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے چوری ،ڈکیتی ،راہزنی،مویشی چوری ،موٹر سائیکل چوری جیسے سنگین جرائم میں ملوث51 چور وں ڈکیتوں سمیت مجموعی طور پر مختلف نوعیت کے مقدمات میں ملوث 522 ملزمان گرفتار کر لئے۔

گرفتار کئے جانے والے ملزمان کے قبضہ سے 26 لاکھ 87 ہزارروپے سے زائد مالیت کا مال مسروقہ برآمد کر لیا گیا۔ حافظ آباد پولیس کی جانب سے 5 گینگز کے 14 کارندوں کو گرفتار کر کے 18 لاکھ روپے سے زائد مالیت کا مال مسروقہ برآمد کر کے اصل مالکان کے حوالے کیا گیا۔ اشتہاری مجرمان کے خلاف چلائی جانے والی خصوصی مہم کے نتیجہ میں اے کیٹیگری کے 23 خطرناک اشتہاری مجرمان سمیت91 اشتہاری مجرمان گرفتار کئے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ232 ریکارڈ یافتہ مجرمان اور112 عدالتی مفرور بھی گرفتار کئے گئے ہیں۔ ڈی پی او حافظ آباد سید حسنین حیدرکی ہدایت پر منشیات فروشوں کے خلاف ٹارگٹڈ آپریشن کے نتیجہ میں 85 منشیات فروش گرفتار کر کی1776 گرام ہیروئن،41کلو سے زائد چرس،384 بوتل شراب اور105 لیٹر لہن قبضے میں لے لی گئی۔انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر ناجائز اسلحہ کے خلاف کی جانے والی کاروائیوں میں 75 ملزمان کے قبضہ سے 1 سٹین گن،4 کلاشنکوف،10 رائفل،11 شارٹ گن،46 پسٹل اور 242 گولیا ں برآمد کر کے 72 مقدمات درج کر لئے گئے ہیں۔ڈی پی او حافظ آباد کا کہنا تھا کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف گھیرا تنگ کر دیا گیا ہے اور ڈسٹرکٹ پولیس شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کیلئے پوری طرح متحرک ہے۔ \378

حافظ آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں